Live Updates

قبائلی اضلاع میں انتخابات، بیشتر نشستوں پر تحریک انصاف کو برتری حاصل

خیبرپختونخواہ کی 16 صوبائی نشستوں کے ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں حکمران جماعت ہی برتری حاصل کیے ہوئے ہے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 جولائی 2019 19:52

قبائلی اضلاع میں انتخابات، بیشتر نشستوں پر تحریک انصاف کو برتری حاصل
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جولائی 2019ء) قبائلی اضلاع میں انتخابات، بیشتر نشستوں پر تحریک انصاف کو برتری حاصل ، خیبرپختونخواہ کی 16 صوبائی نشستوں کے ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں حکمران جماعت ہی برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں قبائلی اضلاع میں انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف کو ہی برتری حاصل ہے۔

اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کو 16 صوبائی نشستوں میں سے 5 پر برتری حاصل ہے۔ جبکہ جماعت اسلامی اور آزاد امیدوار 3،3 نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ تاہم یہ نتائج محض 5 سے 10 فیصد پولنگ اسٹینشز کے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ تمام 16 صوبائی نشستوں کے حتمی نتائج کا اعلان کل کیا جائے گا۔ قبائلی اضلاع میں انتخابات کے حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے، سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ کے ذریعے الیکشن نتائج موصول ہوں گے، الیکشن نتائج کل دن کے وقت مکمل ہوسکیں گے۔وقت دیا جائے تو تمام معاملات کو بہتر انداز میں سلجھا سکتے ہیں۔ ندیم قاسم نے کہا کہ الیکشن نتائج کے بعد یہ روایت قائم ہونی چاہیے کہ جو ہار گیا ہے، اس کو ہار تسلیم کرنی چاہیے اور جیتنے والے کو مبارکباد دینی چاہیے۔ واضح رہے سات قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر پہلی بار انتخابات ہو رہے ہیں۔

قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبرپختونخواہ میں ضم کیے جانے کے بعد ان علاقوں میں پہلی مرتبہ صوبائی نشستیں ترتیب دی گئیں، اور اب ان نشستوں پر پہلی مرتبہ انتخابات کروائے جا رہے ہیں۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ اس وقت خیبرپختونخواہ کی کل 124 نشستوں میں سے تحریک انصاف کے پاس 85 نشستیں موجود ہیں۔ جبکہ قبائلی علاقوں کی نشستیں شامل کرکے خیبرپختونخواہ اسمبلی کی کل نشستیں 140 ہو جائیں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات