تاریخی انتخابی کامیابی سے ضم شدہ اضلاع میں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہو گیا ہے،گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:21

تاریخی انتخابی کامیابی سے ضم شدہ اضلاع میں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2019ء) گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان نے صوبے کے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کیلئے پرامن اور خوشگوار انتخابات کے انعقاد پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے قبائلی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی انتخابی کامیابی سے ضم شدہ اضلاع میں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہو گیا ہے، پہلی بار انتخابی مرحلہ میں بھرپور حصہ لیکر قبائلی عوام نے ثابت کردیا کہ وہ ایک پرامن اور سیاسی شعور رکھنے والی قوم ہیں۔

پرامن کامیاب انتخابات کے انعقاد پر سیکیورٹی اداروں، الیکشن کمیشن سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔قبائلی اضلاع میں تاریخ میں پہلی بار صو بائی اسمبلی کیلئے انتخابات کی تکمیل پر گورنر خیبر پختونخوا نے یہاں سے جاری ایک تہنیتی بیان میں کہا کہ ملکی تا ریخ میں یہ اپنی نوعیت کی منفرد کا میابی ہے جس کیلئے خا ص طور پر قبائلی عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامیاب انتخابات کے انعقاد سے نہ صرف علاقے کے عوام کے لئے بہتر مستقبل یقینی بنانے کی جدو جہد میں ایک اہم سنگ میل طے ہو گیا ہے بلکہ استحکام پاکستان کی جدو جہد میں بھی ایک اہم پیش رفت حا صل ہو گئی ہے۔ گورنر نے کہا کہ یہ تمام تر کا میا بیاں بذات خود عوام کی سماجی و معاشی ترقی کی ضا من ہیں اور اب انشا ء اللہ اس سلسلے میں قبائلی عوام کو اپنی رائے کو مزید نما یاں مقام کی حامل بنانے کے اور زیادہ مواقع ملیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب جبکہ قبائلی عوام کو صو بائی اسمبلی میں بھی نما ئندگی حا صل ہو گئی ہے، لہذا انہیں اپنے منتخب نما ئندوں کے توسط سے مزیدبہتر اور فعال اندا ز سے اپنی آواز موثر بنا نے کے موثرمواقع بھی دستیاب ہو ں گے۔ گور نر نے کہا کہ بلا شبہ سما جی و معاشی ترقی کی جدو جہد میں قومی دھارے کی یہ ایک اہم منزل ہے اور اب اس فورم سے بھی انشا ء اللہ مستقبل میں قبائلی عوام پورے ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور عزت و وقار کے حوالے سے ہر فیصلے کا حصہ بن چکے ہیں اور اسی کا نام قومی وحدت ہے۔

گور نر نے کہا کہ بلا شبہ یہ مقام حا صل کر نے کیلئے قبائلی عوام ایک طویل و صبر آزما دور سے گذرے ہیں۔گورنر نے کہا کہ اس امر میں کو ئی شک نہیں کہ وہ اس فورم پر بھی وطن عزیز کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے حوالے سے ہمیشہ فعال کر دار کے حامل ثا بت ہو ں گے جو یقینا قومی زندگی میں پورے ملک کے عوام کی امنگوں کا اائینہ دار پہلو ہے۔