فائنل میچ کا نتیجہ جائز نہیں تھا، اوئن مورگن

سپراوور کا قانون سمجھ سے بالاتر ہے، کپتان انگلش کرکٹ ٹیم

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 20 جولائی 2019 21:56

فائنل میچ کا نتیجہ جائز نہیں تھا، اوئن مورگن
لندن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 20جولائی 2019ء) عالمی کرکٹ چیمپئن انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ لارڈز میں ہونے والے فائنل میچ کا نتیجہ جائز نہیں تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان فرق بہت بڑا نہیں تھا۔ اوئن مورگن نے کہا ہے کہ سپر اوور کا قانون سمجھ سے بالاتر ہے اور ان کے خیال میں فائنل کا نتیجہ درست اور جائز نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سری لنکا سے شکست انگلش ٹیم کے لئے دھچکے سے کم نہیں تھی، دونوں شکستوں کے بعد ہماری ٹیم نے سیکھنے کی کوشش کی اور ٹیم نے اس کے بعد مزید غلطیاں نہیں کیں۔ یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ2019کے فائنل میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ انتہائی ڈرامائی انداز میں سپر اوور تک گیا جہاں دوبارہ اسکور ٹائی ہونے کے بعد انگلینڈ کو زیادہ باؤنڈریز لگانے پر ورلڈ کپ کا فاتح قرار دے دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

میچ ٹائی ہونے پر سپر اوور کروائے گئے تھے جن میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 15 رنز بنائے اور جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اپنے سپر اوور میں 15 رنز ہی بنا سکی تھی اور آخری گیند پر مارٹن گپٹل دوسرا رن لیتے ہوئے آؤٹ ہو گئے تھے۔قواعد کے مطابق آخر میں میچ کا فیصلہ دونوں ٹیموں کی جانب سے لگائی گئی باؤنڈریز کی تعداد پر کیا گیا۔ انگلینڈ نے اپنی اننگز میں 26 جبکہ نیوزی لینڈ نے 17 باؤنڈریز لگائی تھیں اور اس طرح سپر اوور ٹائی ہونے پر ورلڈ کپ انگلینڈ نے جیت لیا۔

ہفتے کو ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ یہ درست ہے کہ فائنل میچ اچھا ہوا لیکن ہم ورلڈ کپ جیت کر بھی مشکل میں پڑ گئے ہیں۔ اگر ہارجاتے تو ہماری مشکلات زیادہ بڑھ جاتیں۔ اوئن مورگن نے کہا کہ نیوزی لینڈ نہ جانے کیوں ہارگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی فائنل کے بعد کین ولیم سن سے کئی بار بات ہوئی ان کا بھی یہی کہنا ہے کہ سپر اوور کا قانون ان کی سمجھ میں نہیں آیا، ایسا لگ رہا تھا کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو موقع دے رہی ہیں، دونوں نے ایک دوسرے کو جیت کے لئے کئی مواقع دیئے۔

اوئن مورگن نے کہا کہ سپر اوور کے دوران ہماری نظریں تماشائیوں کے ایک حصے پر بھی تھیں، ایک تماشائی کو لارڈز کے کسی انکلوژر میں دل کا دورہ پڑ گیا تھا، اس وقت پاگل پن عروج پر تھا۔ دل کا دورہ پڑنے والا تماشائی بھی ہماری نظروں میں تھا، اسے طبی امداد دی جارہی تھی۔مورگن نے کہا کہ ایسا لگا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان فرق کم تھا۔ لیکن فائنل میں جس طرح اتار چڑھاؤ دکھائی دے رہا تھا اسے دیکھتے ہوئے کسی بھی ٹیم کے لئے جیت آسان نہیں تھی۔