پاکستان ائیر لائن کا طویل عرصے بعد ملائیشیا کیلئے پروازوں کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ

فضائی حدود مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد قومی ائیرلائن آئندہ ماہ سے کوالالمپور کیلئے پروازیں شروع کرے گی

muhammad ali محمد علی اتوار 21 جولائی 2019 00:34

پاکستان ائیر لائن کا طویل عرصے بعد ملائیشیا کیلئے پروازوں کے دوبارہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2019ء) پاکستان ائیر لائن کا طویل عرصے بعد ملائیشیا کیلئے پروازوں کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ، فضائی حدود مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد قومی ائیرلائن آئندہ ماہ سے کوالالمپور کیلئے پروازیں شروع کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر کھلنے کے بعد پی آئی اے نے ملائیشیا کیلئے اپنافضائی آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

پی آئی اے آئندہ ماہ سے کوالالمپور کیلئے پروازیں شروع کرے گا۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے ہفتے میں کراچی اور لاہور سے دو ،دو پروازیں آپریٹ کرتی تھی تاہم آئندہ ماہ سے مکمل طور پر آپریشن شروع ہوجائے گا۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث 27فروری سے بھارت جانے اور آنے والی فضائی اسپیس بند تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کھلنے کی اجازت دینے کے بعد ائیرٹریفک میں اضافہ ہوگیا۔

دنیا بھر کی فلائٹس پر نظر رکھنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق اجازت ملنے کے بعد 17 گھنٹوں کے دوران 533 پروازوں نے پاکستانی فضائی حدود کو استعمال کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت سے آنے والی 51 سے زائد پروازوں نے پاکستان کی فضائی حدود کو استعمال کیا۔ اد رہے کہ رواں برس فروری میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان نےاپنی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کردی تھی جس کے بعد انڈیا کو کافی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

یورو ٹریفک کے مطابق روزانہ چار سو کے قریب پراوزیں پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے بھارت، تہران، افغانستان و دیگر ممالک کا رخ کرتی تھیں، البتہ بندش کے بعد یہ سفر طویل ہوگیا تھا۔ پاکستان نے ایک ہفتہ قبل فضائی حدود کھولنے کا اعلان کیا جس کے بعد سے اب تک سیکڑوں کی تعداد میں کمرشل فلائٹس پاکستانی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے اپنی مقررہ منزل کی جانب رواں دواں ہوئیں۔ پاکستان کی جانب سے عائد ہونے والے پابندی کے بعد بھارت سے آنے اور جانے والی پروازوں کیلئے بھی اوور فلائنگ مکمل طور پر بند تھی