رانا ثناء اللہ کے کے بعد ن لیگی خاتون رہنما سابق رکن اسمبلی کے گھر سے بھی منشیات برآمد

اے این ایف نے بہاولپورمیں فوزیہ ایوب قریشی کے گھر پر چھاپہ مار کے 4من چرس برآمد کر لی، بیٹا گرفتار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 21 جولائی 2019 12:17

رانا ثناء اللہ کے کے بعد ن لیگی خاتون رہنما سابق رکن اسمبلی کے گھر سے ..
بہاولپور (اردوپوئنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21جولائی2019ء) رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے بعد اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ نے ایک اور بڑی کاروائی کرتے ہوئے بہاولپور کی ن لیگی رہنما اور سابق ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی کے گھر پر چھاپے کے دوران بھاری مقدار چرس برآمد کر لی ہے۔ اے این ایف ذرائع کے مطابق اتوار کے روز چھاپے کے دوران فوزیہ ایوب کے گھر سے 4من چرس برآمد ہوئی ہے جس کے بعد خاتون رہنما کا بیٹا طیب ایوب اور ساتھی گرفتار کر لئے گئے ہیں۔

اینٹی نارکوٹکس ذرائع نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اینٹی نارکوٹکس نے بہاولپور کے علاقہ کوثر کالونی میں ن لیگی خاتون رہنما اورسابق ایم پی اے فوزیہ ایوب کے گھر پر چھاپہ مارا تو بھاری مقدار میں چرس برآمد ہوئی جس پرسابق ایم پی اے کے بیٹے طیب ایوب کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں طیب ایوب کی نشاندہی پر مزید کاروائی کرتے ہوئے گزشتہ الیکشن میں آزاد امید وار پنجاب اسمبلی اسلم رند کے گھر پر بھی چھاپہ مارا کر ان کے بیٹے عدیل اسلم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دونوں ملزمان کی گرفتاری کے بعد اینٹی نارکوٹکس اہلکارلاہور روانہ ہوچکے ہیں اور اس حوالے سے مزید کاروائی جاری ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے ن لیگی رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کی گاڑی سے 15کلو آئس نشہ برآمد ہوا تھا جس پر اینٹی نارکوٹکس فورس نے انہیں حراست میں لے لیا تھا اور اب وہ جسمانی رہمانڈ پر اے این ایف کی تحویل میں ہیں۔