وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جن کے کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں، ممتاز اختر کاہلوں

اتوار 21 جولائی 2019 16:45

سرگودہا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2019ء) انٹر فٹسال چمپئین شپ پنجاب کے موقع پر اسلام آباد اور سرگودھا کی ٹیم کے دوران فائنل میچ کھیلا گیا جس میں اسلام آباد کی ٹیم نے 5گول کرکے فائنل جیت لیا۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب فٹسال چوہدری ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے کیونکہ وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جن کے کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ فٹ بال سمیت تمام کھیلوں کے میدان آباد کئے جائیں اور اس کیلئے ہم ممکنہ اقدامات کریں گے۔

چیئرمین پنجاب فٹسال الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ سرگودھا جیسے شہر میں ملکی سطح کا فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت چھوٹے اضلاع میں کھیلوں کے فروغ کیلئے توجہ دے رہی ہے اور آنیوالے دنوں میں اس کا دائرہ کار تحصیل سطح تک بڑھایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فٹ بال میں خواتین کا آنا اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت خواتین کیساتھ ساتھ بچوں میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے، حکومت ہر سطح پر اس طرح کے پروگرام تشکیل دے رہی ہے تاکہ لوگوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آسکے۔ اس موقع پر آرگنائزرسیکرٹری جبار حسین نے اپنی بہترین خدمات پیش کیں ۔ فائنل میچ کے دوران چیمبر آف کامرس کے صدر مرزا فضل الرحمن ودیگر مہمانوں نے شرکت کی ۔