شہباز شریف کی جاتی امراء میں والدہ سے ملاقات، مریم نواز اور رہنمائوں نے بھی ملاقات کرکے تبادلہ خیال کیا

ریلی میں رکاوٹیں ڈالنا قابل مذمت ہے ،حکومت ہوش کے ناخن لے ،کارکن اس طرح کے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہونگے‘ صدر (ن) لیگ

اتوار 21 جولائی 2019 17:55

شہباز شریف کی جاتی امراء میں والدہ سے ملاقات، مریم نواز اور رہنمائوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2019ء) مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہباز شریف نے جاتی امراء رائے ونڈ میں اپنی والدہ سے ملاقات کی ، مریم نواز اور دیگر رہنمائوں نے شہباز شریف سے ملاقات کر کے ملک کی مجموعی صورتحال ، فیصل آباد کی ریلی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف دوپہر کے وقت اپنی والدہ سے ملاقات کیلئے جاتی امراء رائے ونڈ پہنچے او ر دوپہر کا کھانا ان کے ہمراہ کھایا۔

اس موقع پر مریم نواز اور دیگر رہنمائوں نے شہباز شریف سے ملاقات کر کے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور فیصل آباد ریلی کے حوالے ے تبادلہ خیال کیا ۔ شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے ریلی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے ۔مسلم لیگ (ن) کے کارکن اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ اپنی منزل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔