Live Updates

شاہدخاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت ،حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے،چودھری رفعت جاوید

_تاجروں کی ہڑتال موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،تبدیلی سرکاری کی ظالمانہ پالیسیوں اور مہنگائی کے سونامی نے عوام کو جگا دیا،مسلم لیگی رہنما و ڈپٹی میئر اسلام آباد

اتوار 21 جولائی 2019 19:35

د*اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے رہنماو ڈپٹی میئر اسلام آباد چودھری رفعت جاوید نے سابق وزیراعظم اور نائب صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ نااہل اور نالائق حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کو نازک ترین دور میں سنبھالنے اور قائد عوام میاں نوازشریف کے منصوبوں کی تکمیل تک پہنچایا،پاکستان مسلم لیگ(ن) کو عوام کی خدمت اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، حکومت بند گلی کی جانب گامزن،اپوزیشن کااحتجاج سلیکٹڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،حکومت اپوزیشن پر ناکام دبائو ڈال رہی ہے عوام کی آواز ایوان بالاتک پہنچاتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ تبدیلی سرکار کی ظالمانہ ٹیکس پالیسیوں اور مہنگائی کے سونامی نے عوام کو جگادیاہے،تاجربرادری کی کامیاب ہڑتال نے تبدیلی سرکار کے ایوان ہلا دیئے ہیں،عوام کومہنگائی اور نت نئے ٹیکس میں جکڑ کر حکمران موج کرہے ہیں،تبدیلی سرکار کااحتساب عوام خود کرے گی،وزراء کی شاہ خرچیوں اور شاہانہ انداز تبدیلی سرکار کی سادگی پالیسی کے منافی ہے۔

ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید انہوں نے کہاکہ غریب اور متوسط طبقہ پر عرصہ حیات تنگ کرنے والے نااہل حکمرانوں کے دن گئے جاچکے ہیں، مہنگائی نے غریب عوام کا جینامحال کردیا ہے،نااہل اور نالائق حکمران عوام سے دووقت کی روٹی بھی چھین رہے ہیں،حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑاغرق کردیاہے،ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آ گیاہے،روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ تشویشناک ہے۔

مسلم لیگی رہنماچودھری رفعت جاوید نے کہاکہ مہنگائی کے سونامی میں غریب عوام ڈوب رہے ہیں لیکن غاصب حکومت کو کوئی احساس نہیں ہے،سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان عوام کو بتائیں کہ اتنے قرضے لینے کے باوجود عوام پر مہنگائی کے پہاڑ کیوں توڑے جارہے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم کہتے ہیں میں اسے نہیں چھوڑوں گا،اسے نہیں چھوڑوں گا،میں کسی کو نہیںچھوڑوں گا لیکن درحقیقت وہ عوام کا گلاکھونٹ کرانہیں جیتے جی مارنا چاہتے ہیں۔

ڈپٹی میئر اسلام آبادچودھری رفعت جاوید نے کہاکہ گذشتہ روز تاجروں کی ہڑتال موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،اس ظلم اور زیادتی پر ہر فورم پرآواز اٹھائی جائے گی،پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کے حقوق اور ملکی خوشحالی اور سلامتی کی محافظ جماعت ہے او ر عوام کومشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات