wقبائلی اضلاع کے انتخابات جمہوریت کی فتح ہے،شوکت علی یوسفزئی

پر امن انتخابات کا انعقاد پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے،وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ

اتوار 21 جولائی 2019 19:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے انتخابات جمہوریت کی فتح ہے۔ قبائلی اضلاع میں انتخابات سے نئی تاریخ رقم ہوئی۔انتخابات کے پورے عمل میں صوبائی حکومت نے کوئی مداخلت نہیں کی۔ تاریخ میں اتنے شفاف اور پرامن انتخابات نہیں دیکھے۔ پر امن انتخابات کا انعقاد پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے قبائل نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ محب وطن پاکستانی اور پرامن لوگ ہیں۔ قبائل نے جمہوریت پسند ہونے کا ثبوت دیا اور جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں پرانے اور سٹیٹس کو نظام کے تبدیلی کی مخالفت کرنے والے مولانا فضل الرحمن نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے جو جمہوریت اور نئے نظام کی جیت ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نظام کے اندر ضم ہونے والے خاصہ دار اور لیویز فورسز نے بھی مہارت کے ساتھ سارا دن امن وامان کے صورتحال کو یقینی رکھا۔ الیکشن کمیشن نے پورے عمل کے لیے بہترین انتظامات کیے تھے جس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ منتخب نمائندے قبائلی عوام کی ترجمانی اسمبلی میں کرنے کی پوری کوشش کریں اور قبائل کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔