ةحکمرانوں نے بیرونی ڈکٹیشن پرنظریاتی سرحدوں،آزادی وخودمختاری کو دائو پرلگادیا ہے،لیاقت بلوچ

اتوار 21 جولائی 2019 19:40

'کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2019ء) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو آئی ایم ایف کی ٹیم چلا رہی ہے،حکمرانوں نے بیرونی ڈکٹیشن پرنہ صرف نظریاتی سرحدوں،آزادی وخودمختاری کو داء پرلگادیا ہے بلکہ اپنے وعدوں کے برعکس مہنگائی کی مسلسل بمباری کرکے غریب عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے۔

جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں اپنی جداگانہ حیثیت کو برقراررکھنے کے ساتھ دینی جماعتوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اورنظریاتی سرحدوں کی حفاظت سمیت دینی وملی مسائل پر ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رہے گی،وزیراعظم دورہ امریکہ کے حوالے سے اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا۔حالات حاضرہ کے حوالے سے قومی سطح پرحکمت عملی بنانے کے لیے 7اگست کو مرکزی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل کے دورے کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔صوبائی امیرمحمد حسین محنتی اورسیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔دریں اثناء لیاقت بلوچ نے سابق امیر جماعت اسلامی سید منورحسن کی عیادت علاج معالجہ کی تفصیلات اوران کی جلد ومکمل صحت یابی کی دعا بھی کی۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی واحد حکومت ہے کہ جو اپنے ناعاقبت اندیش اقدامات کی وجہ سے قلیل عرصے میں ہی غیرمقبول اورعوام کا اعتماد کھوتی جارہی ہے،اس نے مہنگائی کے خاتمے،قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے لیکرعام آدمی کو ریلیف دینے کے انتخابات میں جتنے بھی قوم سے وعدے کئے تھے تاحال کسی پرعمل نہیں کیا۔

جماعت اسلامی ہی قوم کو متبادل قیادت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اورقوم کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اس وقت بھی جماعت اسلامی محض اعلانات وپریس کانفرنس کی بجائی عملی طورپر عوامی مسائل کے حل اورعوام دشمن بجٹ کے خلاف سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں میدان عمل میں ہے۔لاہور فیصل آباد ملتان کراچی اورراولپنڈی میں عوامی مسائل پربڑے مارچ کئے ہیں۔جماعت اسلامی کسی کو اپنا کندھا دینے کی بجائے اپنے منشور و پروگرام کے مطابق جدوجہد جاری رکھے گی۔اس وقت جماعت اسلامی ہی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے کیونکہ ہم موجودہ اورسابقہ حکمرانوں کو ہی ملک میں معاشی بحران سمیت تمام مسائل کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔#