نیب نے پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کراچی اورآفیشلز آف پاکستان ریلوے اینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے متعدد افسران و اہلکاروں کیخلاف انکوائریوں کی منظوری دیدی

بد عنوانی کا ناسور ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نیب بد عنوان عناصر ، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہچانے کیلئے وسائل بروئے کار لارہا ہے،چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال

اتوار 21 جولائی 2019 21:20

نیب نے پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کراچی اورآفیشلز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2019ء) قومی احتساب بیورو(نیب ) نے پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کراچی اورآفیشلز آف پاکستان ریلوے اینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے متعدد افسران و اہلکاروں کیخلاف انکوائریوں کی منظوری دیدی جبکہ چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ بد عنوانی کا ناسور ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نیب بد عنوان عناصر ، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہچانے کیلئے وسائل بروئے کار لارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیو رو کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میںمنعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی ، ڈی جی آپریشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بور ڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں۔

تمام انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو کہ حتمی نہیں۔ نیب قانون کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کرنے کے بعد مزید کاروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ قومی احتساب بیو رو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دو انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کراچی کے اہلکاروں و افسران شہزاد ریاض ، سکندر راپوتو ، شجاع راپوتو حیدر آباد /آفیشلز آف پاکستان ریلوے اینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ ، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اہلکاران و افسران ، محکمہ ریونیو حکومت سندھ نارتھ ناظم آباد کراچی سنٹرل اور دیگر کیخلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ کے افسران و الکاران محمد قاسم اور دیگر ، میسرز ضیاء الدین ہسپتال کی انتظامیہ ، کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے پارکنگ اور اینٹی انکروچمنٹ کے شعبہ کے اہلکاروں و افسران ، ہاکی ایسوسی ایشن ویسٹ کی انتظامیہ اور دیگر ، بشیر دائود ، مریم دائوداور دیگر ، امان اللہ میسرز العصر گروپ کراچی اور آفیسرز آف سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن ایڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور دیگر کے خلاف اب تک عدم شواہد کی بنیادپر قانون کے مطابق انکوائریز بند کرنے کی منظوری دی ۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ’’احتساب سب کیلئے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانانیب کی اولین ترجیح ہے،بد عنوانی ایک ناسور ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے انہوں نے کہا کہ نیب بد عنوان عناصر ، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہچانے کیلئے وسائل بروئے کار لارہا ہے۔ نیب افسران ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں ’’نیب کا ایمان ۔ کرپشن فری‘‘ پاکستان ہے۔