بابراعظم رواں سال زیادہ اوسط سے رنز بنانے میں ویرات کوہلی سے آگے نکل گئے

بابر نے59.12کی اوسط سے946 رنز سکور کیے،کوہلی 55.47کی اوسط سے 1054 سکور کرچکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 جولائی 2019 11:29

بابراعظم رواں سال زیادہ اوسط سے رنز بنانے میں ویرات کوہلی سے آگے نکل ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جولائی2019ء) قومی ٹیم کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم 2019ءمیں زیادہ اوسط سے رنز بنانےوالے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق رواں سال پاکستانی رنز مشین بابر اعظم کےلئے بہت ہی شاندار رہا، انہوں نے 2019ءمیں 18 ون ڈے کھیلے اور59.12 کی ایوریج سے 946 رنز بنائے ہیں، رواں سال زیادہ رنز بنانےوالے بیٹسمینوں کی فہرست میں بابر اعظم چھٹے نمبر پر ہیں، انہوں نے اس دوران 2 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بنائیں ، وہ2 مرتبہ ناٹ آﺅٹ بھی رہے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن 2019 میں 20 میچ کھیل کر 2 سنچریوں اور 6 نصف سنچریوں کی بدولت 59.25 کی ایوریج سے 948 رنز بنا کر سب سے آگے ہیں، روہت شرما نے 22 میچوں کی 22 اننگز میں 1204 رنز بنائے ہیں اس میں 5 نصف سنچریاں اور 6 تھری فیگر اننگز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کینگروز کپتان ایرون فنچ 23 میچوں کی 23 اننگز میں 51.86 کی ایوریج سے 1141 رنز بنا چکے ہیں، انہوں نے 4 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بنائیں۔

آسٹریلیوی بلے باز عثمان خواجہ 22 میچوں میں 8 نصف سنچریوں اور دو سنچریو ں کی مدد سے1085 رنز بنا چکے ہیں۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی 20 میچوں میں 1054 سکور بنا چکے ہیں، انہوں نے 3 تھری فیگر اننگز اور 6 نصف سنچریاں بنائیں اورانکی ایوریج 55.47 رہی۔ نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر 21 میچوں کی 20 اننگز میں 943 رنز بنا چکے ہیں، وہ 55.47 کی اوسط کیساتھ زیادہ رنز بنانےوالوں میں7ویں نمبر پر ہیں، سابق کیوی کپتان نے 1 سنچری اور 7 نصف سنچریاں بنائیں۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 ءمیں شاندار کارکردگی کی بدولت بابر اعظم نے کیریئر کی بہترین رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں، وہ ون ڈے رینکنگ میں ویرات کوہلی اور روہت شرما کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔