معروف اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر پر الزامات ، ماڈل نازش خان بھی میدان میں آگئیں

فاطمہ نے بغیر کسی ثبوت کے مجھ پر الزام عائد کیا، میں محسن عباس حیدر اور فاطمہ کی ازدواجی زندگی میں مشکلات کی ذمہ دار نہیں ہوں۔ نازش خان کا پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 جولائی 2019 11:30

معروف اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر پر الزامات ، ماڈل نازش خان بھی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جولائی 2019ء) : معروف گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر مار پیٹ کرنے اور دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ محسن عباس حیدر کے نئی ماڈل نازش خان کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں اور انہوں نے اس کے لیے مجھے دھوکہ بھی دیا۔ سوشل میڈیا پر محسن عباس حیدر اور ان کی اہلیہ کے اس تنازعے پر کافی بحث بھی جاری ہے جبکہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ بھی اس افسوسناک معاملے پر اپنے اپنے رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

تاہم اب اس معاملے پر ماڈل نازش خان کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ماڈل نازش خان کا کہنا تھا کہ فاطمہ نے مجھ پر بغیر کسی ثبوت کے الزام عائد کیا کہ میرے ان کے شوہر کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد سے مجھے گھر توڑنے والی کہا گیا۔ آپ سب اپنی عقل کا استعمال کریں اور سوچیں کہ اگر فاطمہ کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت ہوتے تو وہ ان کو بھی منظر عام پر لاتی جیسے فاطمہ اپنے شوہر کے خلاف ثبوت سامنے لے کر آئی۔

بیٹے کی پیدائش سے ایک گھنٹہ قبل فاطمہ سے میری بات ہوئی اور میں نے اسے مبارکباد دی۔ اس وقت محسن کراچی میں کسی شوٹنگ میں مصروف تھا جبکہ میں اسلام آباد میں تھی۔ لیکن فاطمہ گھریلو تشدد کا نشانہ بنی ہے،اور میری تمام تر ہمدردی اُس کے ساتھ ہے۔ اور میں اس بات کا اعلان بھی کرنا چاہتی ہوں کہ ان کی ازدواجی زندگی میں تنازعات کی وجہ میں نہیں ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف محسن ہی اس حوالے سے وضاحت کر سکتا ہے کہ آخر اس کی بیوی نے اس سارے معاملے میں میرا نام کیوں لیا۔ فاطمہ نے کسی ثبوت کے بغیر مجھ پر پورے میڈیا کے سامنے الزام عائد کیا۔ میں نے کبھی کسی کی ذاتیات پر بات نہیں کی اور اسی لیے میرے لیے یہ سب نہایت دردناک ہے۔ میں صرف یہ کہنا چاہوں گی کہ صرف فاطمہ ہی اس سب کا شکار نہیں ہوئی ، بغیر ثبوت مجھ پر الزام عائد کر کے ذاتی منافرت کی بنیاد پر مجھے بھی اس سب میں گھسیٹا گیا جس سے مجھے ذہنی طور پر کافی پریشانی ہوئی۔

ایک اور پیغام میں نازش خان نے کہا کہ فاطمہ خود میرے سے بات کرتی تھی یہاں تک کہ وہ مجھ سے اپنی شادی اور ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی بات کرتی تھی۔ وہ حاملہ ہونے کے دوران بھی مجھ سے کئی بار رابطہ کر کے بات کرتی تھی۔ اگر وہ مجھے کال کرتی اور میرے سے بات کرتی تھی تو پھر وہ کیوں مجھ پر اپنے شوہر کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھنے کا الزام عائد کرے گی ؟ میں اپنے دفاع میں کئی سوالات کو اُٹھا سکتی ہوں لیکن میری ایسی فطرت نہیں ہے۔

میرے لیے یہ سب کچھ نہایت اذیت ناک ہے اور اسی لیے میں اس سلسلے میں مزید بات نہیں کروں گی۔ محسن عباس میرا ایک بہت اچھا دوست ہے اور اُس کی بیوی بھی۔ مجھے بالکل اندازہ نہیں ہے کہ ایسا کیا ہوا کہ فاطمہ نے اس سب میں میرا نام بھی لیا اورمجھ پر وہ الزامات عائد کیے جن کا میں تصور بھی نہیں کر سکتی تھی۔

خیال رہے کہ معروف گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر دھوکہ دہی اور گھریلو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے تھے تاہم گذشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران محسن عباس حیدرنے ان الزامات کی تردید کی۔