عدالت کا پاک سرزمین پارٹی کے دو کارکنوں کے قتل کے الزام میں بانی ایم کیو ایم سمیت 7مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

پیر 22 جولائی 2019 13:28

عدالت کا پاک سرزمین پارٹی کے دو کارکنوں کے قتل کے الزام میں بانی ایم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے پاک سرزمین پارٹی کے دو کارکنوں قتل کے الزام میں بانی ایم کیو ایم سمیت 7مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیاہے۔پیرکورضویہ کے علاقے میں پی ایس پی کے ٹائون آفس پر حملے میں دو کارکنان کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ایم کیو ایم کے بانی سمیت 7ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔اس سے قبل پولیس نے کہاکہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتش اعتراف کیا تھا کہ پی ایس پی کے ٹائون آفس پرحملہ بانی ایم کیو ایم کے کہنے پر کیا ۔مفرور ملزمان میں ایم کیو ایم لندن کے آصف حسنین عرف پاشا، بسمہ ناز سمیت 7ملزمان شامل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی جائے گی،بعد ازاں عدالت نے سماعت 3 اگست تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ملزمان نے 23دسمبر 2018کو رضویہ تھانے کی حدود میں پی ایس پی کے ٹائون آفس پر حملہ کیا تھا، حملہ میں پی ایس پی کے ٹائون جنرل سیکرٹری نعیم اور یوسی انچارج اظہر عرف سیاں ہلاک ہو گئے تھے ملزمان کے خلاف رضویہ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔گرفتار ملزمان میں رضا علی عرف سولجر ، قاضی انیس عرف کیپٹن ، وقاص ، شہریار عرف شیری، اور محسن احمد عرف شاہ جی بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہیں۔