رانا مشہود مصروفیات کیوجہ سے نیب میں پیش نہ ہوئے ،6اگست کو دوبارہ طلب

سابق صوبائی وزیر کے وکلاء نے نیب میں پیش ہو کر سوالنامے کے جوابات جمع کرا دئیے

پیر 22 جولائی 2019 14:17

رانا مشہود مصروفیات کیوجہ سے نیب میں پیش نہ ہوئے ،6اگست کو دوبارہ طلب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) سابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پنجاب یوتھ فیسٹیول مبینہ کرپشن کیس میں طلبی کے نوٹس پر نیب میں پیش نہ ہوئے ، رانا مشہود کے وکلاء نے نیب میں پیش ہو کر سوالنامے کے جوابات جمع کرا دئیے ،نیب نے 6اگست کو دوبارہ طلب کرلیا۔ تفصیلا ت کے مطابق نیب کی جانب سے پنجاب یوتھ فیسٹول مبینہ کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کو سوالنامے کے جواب سمیت پیر کے روز طلب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم رانا مشہود کی جگہ ان کی وکلا ء کی ٹیم نیب میں پیش ہوئی اور جوابات جمع کرائے ۔ رانا مشہود کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانامشہود مصروفیات کیوجہ سے پیش نہیں ہو سکے تاہم نیب کے تمام سوالات کے جوابات جمع کر ادئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے جب بھی رانا مشہود کو طلب کیا گیا وہ پیش ہوئے ہیں ۔ نیب 2017ء میں انہیں کلین چٹ دے چکا ہے لیکن اب دوبارہ طلب کیا جارہا ہے ۔ وکلاء نے بتایا کہ نیب نے رانا مشہود کو دوبارہ 6اگست کو طلب کیا ہے ۔یاد رہے کہ اس کیس میں سابق ڈی جی سپورٹس بورڈ سمیت دیگر نیب کی حراست میں ہیں۔