حج کے موقع پر قربانی کے عمل کی نگرانی کے لیے 500 ڈیجیٹل کیمرے نصب کر دیئے گئے

اس اقدام کا مقصد قربانی کے عمل کو منظم رکھنا اور قربانی کے جانوروں کی صحت، تندرستی اور صفائی سُتھرائی کے نظام کو یقینی بنانا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 جولائی 2019 14:07

حج کے موقع پر قربانی کے عمل کی نگرانی کے لیے 500 ڈیجیٹل کیمرے نصب کر دیئے ..
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جولائی 2019ء) حج کے موقع پر جانوروں کی قربانی پروگرام کے انچارج رحیمی احمد رحیمی نے کہا کہ حجاج کی طرف سے دی جانے والی قربانی کے فریضے کو بہتر انداز میں ادا کرنے کے لیے فیلڈ میں موجود دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔ قربانی کے جانوروں کے انتخاب، ان کی صحت اور تندرستی کو یقینی بنانے، جانوروں کو شرعی طریقے سے ذبح کرنے، صحت مند ماحول اور دیگر تمام ضروری شرائط پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی نگرانی کے لیے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں 500 ڈیجیٹیل کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ جانوروں کی نقل وحرکت پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ قربانی کے لیے لائے گئے جانوروں میں کوئی بیمار، لاغر پن یا دیگر عوارض ہو تو ایسے جانوروں کو الگ کیا جائے۔

(جاری ہے)

  مشترکہ کنٹرول روم میں وزارت داخلہ، خزانہ، بلدیاتی اور دیہی امور،انصاف وقانون، مذہبی امور، حج وعمرہ، ماحولیات اور آبائی وسائل، سماجی ترقی، مکہ معظمہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور خادم الحرمین حج وعمرہ ریسرچ سینٹر کے نمائندے موجود ہیں۔

سعودی حجاج کرام کی جانب سے قربانی کے عمل کو منظم کرنے اور ہُدیٰ اور قربانی پروگرام کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ کنٹرول روم قائم کرنے کا مقصد حج سیزن کے لیے وضع کردہ جدید میکینزم پر عمل کرتے ہوئے قربانی کے عمل کو بہتر اور جدید طریقے سے ادا کرنا ہے۔