گزشتہ مالی سال کے دوران سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ، درآمدات میں کمی

پیر 22 جولائی 2019 15:01

گزشتہ مالی سال کے دوران سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ، درآمدات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) گزشتہ مالی سال کے دوران سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ جبکہ درآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق مالی سال 2018-19ء کے دوران سعودی عرب کو برآمدات سے 327.87 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو مالی سال 2017-18ء کے مقابلہ میں 1.37 فیصد زیادہ ہے، مالی سال 2017-18ء کے دوران سعودی عرب کو برآمدات سے ملک کو 317.497 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق جون 2019ء میں سعودی عرب کو 24.14 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ جون 2018ء میں سعودی عرب کو برآمدات سے ملک کو 20.37 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال میں سعودی عرب سے درآمدات میں مجموعی طور پر 3.47 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اعداد و شمارکے مطابق مالی سال 2018-19ء کے دوران سعودی عرب سے درآمدات پر 2.98 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو مالی سال 2017-18ء کے مقابلہ میں 3.47 فیصد کم ہے۔

مالی سال 2017-18ء کے دوران سعودی عرب سے درآمدات پر 3.081 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ جون 2019ء میں سعودی عرب سے برآمدات کا حجم 241.577 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ جون 2018ء میں سعودی عرب سے برآمدات کا حجم 294.634 ملین ڈالر رہا تھا۔ سعودی عرب پاکستان کو سب سے زیادہ معدنیات اور کیمیکلز برآمد کرانے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ دوسری طرف پاکستان سعودی عرب کو سب سے زیادہ غذائی مواد فروخت کرتا ہے۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کو بھی سعودی عرب کی مارکیٹوں میں رسائی میسر ہے۔ اسی طرح پاکستان سعودی عرب کو گوشت، چائے کی پتی اور مسالہ جات بھی برآمد کر رہا ہے۔