لاہور کے نالوں سے لاوارث افراد اورنومولود بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعات میں اضافے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

پیر 22 جولائی 2019 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) لاہور کے نالوں سے لاوارث افراد اورنومولود بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعات میں اضافے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی سمیرا کومل کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میںواقع گندے نالوں لاوارث لاشیں پھینکنے کے واقعات تیزی سے بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جرائم پیشہ افراد کی جانب سے اپنے مخالفین اور نومولود بچوں کی لاشوں کو گندے نالوں میں پھینکنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔شہر کے کئی نالوں سے انسانی اعضاء برآمد ہو چکے ہیں۔سبزہ زار،گلشن راوی،ایل او ایس،اقبال ٹائون ،نشتر کالونی ،بند روڈ سمیت کئی نالوں سے روزانہ کی بنیاد پر واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔شہر کے نالوں سے ملنی والی لاشوں کے بعد شہریوں میں خوف ہراس پھیل رہا ہے۔لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عملی طور پر اقدامات کیے جائیں ۔نالوں میں لاشیں پھینکنے والے جرائم پیشہ افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔