اساتذہ مینار نور اور اد ب واحترام کے مستحق ہیں : ملک محمداکرم

پیر 22 جولائی 2019 16:02

اساتذہ مینار نور اور اد ب واحترام کے مستحق ہیں : ملک محمداکرم
سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) اساتذہ مینار نور اور اد ب واحترام کے مستحق ہیں ۔ان کے تدریسی فن سے علم کی روشنی حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ ملک وقوم کے محافظ ‘امین اور اساتذہ کا فخر ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ممبر ایپیلینٹ انکم ٹیکس اتھارٹی راولپنڈی وسرگودہا ریجن ملک اکرم نے گورنمنٹ جامع بوائز ہائی سکول کے سابقہ ادوار کے فارغ التحصیل طلباء اور معزز اساتذہ کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ظہرانہ میںاساتذہ ملک انوراور چوہدری اسلم کے علاوہ اس سیشن کے اعلیٰ عہدوں سول ‘ ملٹری ‘ معروف تاجر محمد عظیم ‘ سہیل احمد ‘ امتیاز چوہدری ودیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک اکرم نے کہا کہ ہمارے اساتذہ ہمارے ادب واحترام اور خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے ہمیں اپنی اولاد کی طرح ہماری تعلیم وتربیت کی او رآج ہم کامیاب زندگی گزار رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

معروف ماہرِ تعلیم پروفیسرڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ میری کامیابی میرے اساتذہ کی مرہون منت ہے او رمیں اپنے بچوں کو ہمیشہ اپنے اساتذہ کااحترام کرنے کی تلقین کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں آج جو بھی ہوں یہ اساتذہ کے ادب واحترام اور ان کی نگاہ کرم کی بدولت ہے ۔ تقریب کے میزبان اعلیٰ عبدالرؤف نے کہاکہ انہوں نے اپنے اساتذہ کے اقوال کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا او رآج تجارت او رصنعت میں مجھے اعلیٰ مقام حاصل ہے ۔

محمد عظیم نے کہاکہ اساتذہ کی زیارت سے انہیں دلی خوشی اور راحت ملتی ہے اور اپنے ماضی کے مخلص دوستوں کو مل کر شاندار بچپن یاد آگیا۔ انہوں نے اپنے میزبان کا ظہرانہ پر شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں چالیس کے لگ بھگ سال 1981-83 ء میں سکول ہذا میں زیر تعلیم کے طلباء نے اظہار خیال کیا او راپنے اساتذہ کے احسانات پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :