حکومت تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے ،صدر اسلام آباد چیمبر

پیر 22 جولائی 2019 18:03

حکومت تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے ،صدر اسلام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل ، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی حالیہ سہ ماہی رپورٹ کے مطابق 2019میں تعمیراتی شعبے میں7.6فیصد تنزلی واقع ہوئی ہے جو باعث تشویش ہے کیونکہ پچھلے سال تعمیراتی شعبے نے 8.2فیصد ترقی حاصل کی تھی۔

انہوں نے کہا کی تعمیراتی شعبے کی سرگرمیوں میں تنزلی سے بہت سی دیگر صنعتوں کی ترقی بھی متاثر ہو گی جس سے معیشت مزید کمزور ہو گی لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تعمیراتی شعبے کو مشکلات سے نکالنے اور اس کی بہتری کیلئے فوری طور پر اصلاحی اقدامات اٹھائے تا کہ یہ شعبہ بہتر ترقی کر کے معیشت کو مضبوط کرنے میں فعال کردار ادا کر سکے۔

(جاری ہے)

احمد حسن مغل نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے دور میں نان فائلرز کیلئے 40لاکھ سے زائد مالیت کی جائیدار خریدنے پر پابندی لگا دی گئی تھی جس سے تعمیراتی شعبے کو کافی نقصان ہوا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت آئندہ ایسے ریگولیٹری اقدامات اٹھانے سے گریز کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے اپنی رپورٹ میں خود تسلیم کیا ہے کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے رئیل سٹیٹ شعبے کا مارجن کم ہوا ہے جس وجہ سے اس شعبے کی سرگرمیوں میں کمی واقع ہوئی ہے لہذا انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے کو منافع بخش بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ جولائی تا مارچ ۹۱۰۲میں سیمنٹ کی صنعت کو بھی 5.4فیصد تنزلی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پچھلے سال اسی دوران سیمنٹ کی صنعت میں 12.4فیصد ترقی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 8سالوں میں سیمنٹ کی صنعت کو پہلی دفعہ اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جو معیشت کیلئے اچھا شگون نہیں ہے کیونکہ گذشتہ کئی سالوں سے سیمنٹ کی صنعت تسلسل سے بہتر ترقی کرتی رہی ہے۔

اسی طرح پچھلے 9ماہ کے دوران سٹیل کی صنعت کو بھی 11فیصد تنزلی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گذشتہ سال اس عرصے میں سٹیل کی صنعت میں 27.5فیصد ترقی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قیمت میں نمایاں کمی سے تعمیراتی شعبے کے خام مال کی قیمت میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے جس سے تعمیراتی شعبے کی ترقی متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت سے بہت سی دیگر صنعتوں کی ترقی وابستہ ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت تعمیراتی صنعت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے اور اس شعبے کیلئے سازگار پالیسیاں مرتب کرے تا کہ یہ شعبہ بہتر ترقی کر سکے جس سے معیشت مستحکم ہو گی اور حکومت نے جو پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کا پروگرام بنایا ہوا ہے نجی شعبہ اس کو عملی جامہ پہنانے میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر سکتا ہے۔