دُبئی : صبح سویرے ہونے والے حادثات نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا

شیخ زاید بن النہیان روڈ پر سفر کرنے والے افراد ٹریفک جام سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 جولائی 2019 17:39

دُبئی : صبح سویرے ہونے والے حادثات نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جولائی 2019ء) آج صبح دُبئی میں اکثر مقامات پرٹریفک کے بے پناہ مسائل دیکھنے میں آئے جس کے باعث ڈرائیورز اور مسافروں کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ لوگ اپنی اپنی منزلِ مقصود پر بہت دیر سے پہنچے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لوگوں کے صبر کا امتحان لیتی رہی۔ جس کی وجہ سے پولیس نے لوگوں کوآگاہ کیا کہ وہ خود کو ٹریفک جام کی تکلیف سے بچانے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔

یہ سب اُن متعدد ٹریفک حادثات کے باعث ہوا جو آج دُبئی کے مختلف روڈز پر رُونما ہوئے۔ دُبئی پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر صبح سویرے 6 بج کر 52 منٹ پر حادثات کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ محمدبن زاید روڈ پر دُوبئی سے ابوظہبی جانے والی سڑک پر حادثہ پیش آیا ہ۔ اور ہدایت کی کہ لوگ محتاط ڈرائیونگ کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے ایک اور ایکسیڈنٹ کی اطلاع القصیص انڈسٹریل ایریا 4 میں فیوا ہیڈ آفس کی جانب جانے والی سڑک پر پیش آیا۔

اس کے علاوہ E311 پر دُبئی میراکل گارڈن کے قریب بھی ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی کئی کلومیٹر طویل لمبی قطار لگ گئی۔ ڈرائیورز بڑی پریشانی کا شکار رہے۔ شیخ محمد بن زاید روڈ (E311) پر نہدہ کے علاقے اور نیشنل پینٹس فیکٹری کے قریب بھی لوگوں کو ٹریفک جام کا عذاب بھُگتنا پڑا۔ پولیس کے مطابق شام تک ٹریفک معمول کے مطابق آچکی ہے۔