Live Updates

عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا وہ وزیراعظم کے منصب کے قابل نہیں ، سینیٹر مولا بخش چانڈیو

عمران خان نے منتخب وزیراعظم کے نہیں آمر کے لہجے میں بات کی،خان صاحب کے ایک ایک جملے سے انتقام کی بو آرہی تھی،جیلیں، کال کوٹھڑیاں سیاسی اور جمہوری لوگوں کیلئے نئی نہیں ہیں،جیلوں سے ڈرنے والے وہ ہیں جو 8دن کے اندر معافی مانگ کر باہر آئے ، وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل

پیر 22 جولائی 2019 19:01

عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا وہ وزیراعظم کے منصب کے قابل نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا وہ وزیراعظم کے منصب کے قابل نہیں ،انہوں نے منتخب وزیراعظم کے نہیں آمر کے لہجے میں بات کی،خان صاحب کے ایک ایک جملے سے انتقام کی بو آرہی تھی،جیلیں، کال کوٹھڑیاں سیاسی اور جمہوری لوگوں کیلئے نئی نہیں ہیں،جیلوں سے ڈرنے والے وہ ہیں جو 8دن کے اندر معافی مانگ کر باہر آئے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے واشنگٹن میں وزیراعظم کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے خود اپنا دورہ امریکہ سبوتاژ کر لیا،جہاں عمران خان کو قومی اتحاد کا پیغام دینا چاہئے تھا وہاں تقسیم کی بات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو یہ احساس تک نہیں کہ کس بات سے ملک کا وقار بڑھے گا اور کس سے رسوائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن میں کھڑے ہو کر سیاسی مخالفین کو جیلوں میں رکھنے اے سی اور ٹی وی اتارنے کا کیا مطلب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر عمران خان نے ثابت کر دیا ہے کہ وزیراعظم کے منصب کے قابل نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے منتخب وزیراعظم کے نہیں آمر کے لہجے میں بات کی،خان صاحب کے ایک ایک جملے سے انتقام کی بو آرہی تھی۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان نے خود احتساب اور عدالتی فیصلوں کو متنازعہ بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی افادیت کی باتیں کرتے کرتے خان صاحب ایوبی آمریت کی تعریفیں شروع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیلیں، کال کوٹھڑیاں سیاسی اور جمہوری لوگوں کیلئے نئی نہیں ہیں،جیلوں سے ڈرنے والے وہ ہیں جو 8دن کے اندر معافی مانگ کر باہر آئے ۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جیل سے گھبرائے نہ بلاول بھٹو احتساب کے نام سے انتقام سے ڈرتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات