Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں اور کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

بیرون ملک مقیم تاجر وکاروباری شخصیات پاکستان میں سازگار ماحول، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور کاروبار کے پرکشش منافع کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں،نئے پاکستان کی سوچ کاروباری برادری کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنا ہیں، پاکستان سیاحت کے شعبہ میں بھی وسیع مواقع فراہم کرتا ہے جہاں اولیاء کرام کے مزار اور مختلف مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں ،پاکستان میں 20 نئے سیاحتی مقامات کھولے جا رہے ہیں، حکومت دوہری شہریت رکھنے والوں کو ووٹ دینے کی سہولت کے علاوہ عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا بھی جائزہ لے رہی ہے وزیراعظم عمران خان کا واشنگٹن میںتجارت و سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب

پیر 22 جولائی 2019 19:07

وزیراعظم عمران خان کی امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں اور کاروباری ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں اور کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سازگار ماحول، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور کاروبار کے پرکشش منافع کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ وہ یہاں تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

کانفرنس میں امریکہ میں مقیم صف اول کی پاکستانی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آمدنی بڑھانے کیلئے نئی سوچ متعارف کرائی ہے اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نئے پاکستان کی سوچ کاروباری برادری کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمالی امریکہ میں مقیم زیادہ تر پاکستانی سیلف میڈ ہیں اور وہ محنت کی بناء پر ان کے دل میں خصوصی مقام رکھتے ہیں، پاکستان ان سے توقع رکھتا ہے کہ وہ ترقی کے سفر میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیرونی کاروباری شخصیات کیلئے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ون ونڈو آپریشن قائم کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت ملے، حکومت دوہری شہریت رکھنے والوں کو ووٹ دینے کی سہولت کے علاوہ عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں آمدنی بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے اور سرمایہ کاروں کو زراعت کے شعبہ کی طرف راغب کرنے کی خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے اپنی اقتصادی ٹیم بالخصوص عبدالرزاق دائود اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی تعریف کی جو ملک کو درپیش مشکل ترین اقتصادی مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ کی آبادی کے ساتھ زبردست انسانی وسائل کا حامل ملک ہے جہاں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، چین، روس، قطر، جاپان اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں کاروبار میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بڑی اہمیت کی حامل ہے اور یہ بین الاقوامی مارکیٹوں کے سنگم پر واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے شعبہ میں بھی وسیع مواقع فراہم کرتا ہے جہاں اولیاء کرام کے مزار اور مختلف مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں۔ ملک کے شمالی علاقہ جات قدرتی خوبصورتی کے باعث سیاحت کے مواقع فراہم کرتے ہیں جہاں اس سال مقامی سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 20 نئے سیاحتی مقامات کھولے جا رہے ہیں، غیر ملکی کاروباری شخصیات پاکستان کے سیاحت سے متعلق شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو حکومتوں نے ملک کو بھاری مالی خساروں میں دھکیلا جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوئی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے کیونکہ وہ جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کاروبار میں آسانی اور ویزا نظام میں نرمی کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو سہولت دینے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی تاجر و کاروباری شخصیات نئے پاکستان کے وژن کو عملی شکل دینے میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات