جہلم کے تمام مسائل جلد حل کرلئے جائیں گے ،ترقیاتی منصوبے بنا کر حکمت عملی طے کی جا رہی ہے اسی سال کام شروع ہو جائیگا، فواد چودھری

پیر 22 جولائی 2019 22:17

جہلم کے تمام مسائل جلد حل کرلئے جائیں گے ،ترقیاتی منصوبے بنا کر حکمت ..
جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چودھری نے گورنمنٹ ہائی سکول پنڈ دادنخان کے گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کی آمد پر حلقہ کے عوام نے زبردست استقبال کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما ء،ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن سید حماد عابد اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کی عوام سے کئے گئے وعدے یاد ہیں جن پر عملی کام شروع ہو چکا ہے ، جلاپورشریف نہر کیلئے 44ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے ضلع جہلم اور خوشاب کی زمین مزید زرخیز ہوں گی ،اسی سال میں پاسپورٹ آفس پنڈدادنخان کا آغاز ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ للِہ پنڈدادنخان روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر بھی انشااللہ جلد کام شروع ہو جائے گا، تحصیل پنڈدادنخان میں جدید سائنس لیبارٹریوں بنائی جائیں گی تاکہ تحصیل پنڈدادنخان سے بھی نوجوان سائنس کی دنیا میں آئیں ترقی کریں اپنے حلقہ کے تمام مسائل میرے علم میں ہیں جن کو جلد حل کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کھیوڑہ اسٹیڈیم تیرہ کروڑ پچانوے لاکھ اور چھتر ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔اس اسٹیڈیم میں فٹ بال گراؤنڈ، منی پویلین، فلڈ لائٹ پولز، ڈرینج، بڑا جنریٹر، چار دیواری، مین گیٹ اور بجلی کی تنصیب شامل ہو گی۔ اسٹیڈیم میں والی بال، فٹ بال اور کرکٹ کے کھیلوں کے لئے سہولت موجود ہو گی۔ یہ اسٹیڈیم اسی سال مکمل کر دیا جائے گا۔فواد چودری اظہار تعزیت کیلئے مرحوم عرفان کے گھر گئے اور لواحقین کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔