آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام کا پولیس کو ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر اقدامات اٹھانے کی ہدایت

پیر 22 جولائی 2019 22:29

آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام کا پولیس کو ممکنہ مون سون بارشوں کے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام نے پولیس کوہدایات جاری کی ہیں کہ ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر تھانوں کی سطح پر تمام تراقدامات اُٹھاتے ہوئے ٹریفک پولیس کے ساتھ ہرممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے تاکہ رین ایمر جنسی پلان پرعمل درآمد کوغیر معمولی بنایاجاسکے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ممکنہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں اورذیر آب آجانیوالی سڑکوں کے متبادل روٹس جبکہ بارشوں سے متاثر ہونے والے شہریوں کی امداد کے لئے ہرممکن اقدامات کیئے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جاسکے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ضلعی ایس ایس پیز کراچی اورزونل ایس ایس پیزٹریفک کراچی مربوط روابط کے تحت مفاد عامہ سے متعلق جملہ امورکو ممکن بناتے ہوئے ممکنہ بارشوں اور اسکی شدت کے پیش نظرمتعلقہ پولیس افسران اورجوانوں کو بروقت امدادی کاموں کے حوالے سے باقاعدہ بریفنگ کے عمل کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں سے بھی رابطوں کو مربوط بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ تمام ٹریفک لائٹس سگنلز،چوراہںوں، ٹریفک جنکشنزاور باالخصوص ٹریفک دباوُاوراسکے باعث جام ہںوجانیوالی سڑکوں پر ناصرف ٹریفک کی روانی کے لیئے ٹریفک پولیس سے تعاون کیا جائے بلکہ موٹرسائیکل گشت اورپولیس ڈپلائمنٹ کونمایاں مقامات پررکھتے ہوئے ممکنہ جرائم کی روک تھام کوبھی یقینی بنایاجائے ۔انہوں نے ٹریفک پولیس کوہدایات جاری کیں کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظرذیرآب آجانیوالی سڑکوں/شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کے حوالے سے متعلقہ ادارے سے مربوط رابطوں کے تحت ہرممکن اقدامات کیئے جائیں جبکہ تھانہ جات اسی عمل کو شہر کے نشیبی علاقوں کے لیئے بھی یقینی بنائیں۔#