راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ رواں برس شروع ہو گا، دادوچھہ ڈیم کے لیے اراضی کے حصول سے متعلق افواہوں سے گریز کیا جائے،کمشنر ثاقب ظفر

پیر 22 جولائی 2019 22:30

راولپنڈی 22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) کمشنرراولپنڈی ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ رواں برس شروع ہو گا، رنگ روڈ کے ساتھ کمرشل سرگرمیوں کے فروغ، مارکیٹوں کی منتقلی اور رہائشی سکیموں کے حوالے سے چیمبر آف کامرس اورتاجر برادری اہم سٹیک ہولڈرز ہیں، روات انڈسٹریل اسٹیٹ کے پاس دادوچھہ ڈیم کے لیے اراضی کے حصول سے متعلق افواہوں سے گریز کیا جائے، آئندہ ہفتے موقع پر جا کر فیکٹری مالکان کے خدشات دور کروں گا،حکومت صنعتی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی ، لنک روڈ کی فراہمی پر بھی کام جلد شروع ہو گا اور غیر متعلقہ اراضی کے نوٹسسز خارج کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ کاروباری طبقہ کی بہتری کے لئے ہر ممکنہ قدم اٹھایا جائے گا۔ راولپنڈی کے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے جمخانہ کلب کی تزئیں آرائش و انتظامی امور اور ٹریفک کے بہاو میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے شہر میں مزید نئے پارکنگ پلازہ کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان خطوط پر کا م کر رہی ہے۔