Live Updates

مخدوم رشید میں صحت سہولت کارڈ کی تقسیم کا افتتاح، 19 ہزار مستحقین میں کارڈ تقسیم کئے جائیں گے

پیر 22 جولائی 2019 23:54

ملتان ۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) بنیادی مرکز صحت مخدوم رشید میں صحت سہولت کارڈ کی تقسیم کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ افتتاح صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین قریشی اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی واصف مظہر راں اور صحت سہولت کارڈ کے صوبائی سربراہ محمد عمران بھی تقریب میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مستحقین کے لئے صحت سہولت کارڈ کا وعدہ پورا کر دیا ہے، ماضی میں جعلی نعروں کے ذریعے عوام کو دھوکا دیا گیا ،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بنیادی مرکز صحت مخدوم رشید میں 19 ہزار مستحقین کو صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔

مستحق افراد اور ان کا کنبہ (خاندان) اب کسی بھی بہترین پرائیویٹ ہسپتال سے 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک اپنا علاج معالجہ کر اسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 68 لاکھ مستحقین کو صحت انصاف کارڈ دے رہے ہیں، عوامی خدمت کا یہ عمل جاری رہے گا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت انصاف کارڈ حکومت کا انقلابی پروگرام ہے، پورے ملک میں 2 کروڑ غریب افراد میں یہ کارڈز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

اگلے فیز میں مزید غریب افراد کو صحت کارڈ جاری کریں گے، صحت انصاف کارڈ بغیر کسی امتیاز کے مستحق افراد کو دیئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے پینل میں 150 بہترین ہسپتال شامل ہیں، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157 میں 45 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام مکمل کرائے جا رہے ہیں۔ زین قریشی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ میں معرکہ مارا ہے۔

وزیر اعظم نے کمرشل فلائیٹ پر سفر کر کے سادگی کی مثال قائم کی ہے ،انہوں نے فائیوسٹار ہوٹل کے بجائے سفارت خانے میں رہائش اختیار کی، انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کے جلسہ میں امریکہ میں مقیم 30 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے شرکت کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے جس سے پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان میں 3 لاکھ 21 ہزار 874 مستحقین کو حکومت پنجاب کیطرف سے صحت انصاف کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 سے 12 ہزار صحت کارڈ کی تقسیم کیلئے ایک سنٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ صحت کارڈ کی تقسیم کیلئے موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کارڈ سنٹر پر سیکورٹی اور بھرپور مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے سب سے زیادہ سپورٹ ملتان میں فراہم کی جائے گی۔ انہو ں نے مزید کہا کہ بنیادی مرکز صحت مخدوم رشید سے یونین کونسلز جھوک لشکر پور، ڈمرا، جلال آبادشمالی، بوٹے والا، مخدوم رشید، 18 ایم آر، خان پور مڑل، 2 ایم آر اور گھڑیالہ کے مستحقین صحت انصاف کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

بعد ازاں صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک، وفاقی پارلیمانی سیکرٹی زین قریشی اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بنیادی مرکز صحت مخدوم رشید میں صحت انصاف کاڑد کا افتتاح کیا اور مستحقین میں صحت کاڑڈ تقسیم کئے۔ اس موقع پر ملکی سلامتی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات