Live Updates

ٹرمپ عمران خان ون آن ون ملاقات جاری

افغانستان کا مسلہ سرفہرست رہے گا‘ماہرین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 جولائی 2019 21:21

ٹرمپ عمران خان ون آن ون ملاقات جاری
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جولائی۔2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میں مدد کرسکا تو مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنا پسند کروں گا. ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے متعلق پاکستان کے کردار کو سراہا‘انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں ہماری کافی مدد کررہا ہے‘ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے حوالے سے ہماری بہت معاونت کررہا ہے.

عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخی ون آن ملاقات سے قبل دونوں سربراہان مملکت نے میڈیا سے رسمی گفتگو کی.

(جاری ہے)

امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان سے ملاقات کو خوشگوار دیکھ رہا ہوں، امید ہے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوں‘عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات ایک گھنٹے سے زائد دورانیے پر محیط ہوگی،جس میں دونوں ممالک کے تعلقات،خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور زیر بحث آئیں گے.

ایک امریکی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات جاری ہے ،ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق رات نوبج کر دس منٹ پر شروع ہوئی‘وائٹ ہاﺅس میں وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ ،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد بھی شریک ہونگے.

ملاقات میں دونوں راہنماﺅں کے درمیان افغان امن عمل، باہمی تعاون کے فروغ ، تجارت، توانائی، دفاع اور جنوبی ایشیا میں انسداد دہشت گردی جیسے امور زیر غور آئیں گے. تاہم توقع کی جارہی ہے کہ افغانستان کے مسلے کا حل سرفہرست رہے گا.وزیر اعظم پاکستان عمران خان وائٹ ہاﺅس پہنچ چکے ہیں، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کا استقبال کیا. عمران خان کے استقبال کے لیے وائٹ ہاﺅس کے باہر پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، وائٹ ہاﺅس پہنچنے پر امریکی صدر نے ان کا استقبال کیا، دونوں راہنماﺅں نے مصافحہ کیا، وزیر اعظم نے اس تاریخی ملاقات میں قومی لباس شلوار قمیض زیب تن کی ہے‘وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی امریکی صدر سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے ہم راہ موجود ہیں.

دونوں راہنماﺅں کے درمیان تاریخی ملاقات میں پاک امریکا باہمی تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، دونوں ممالک میں تجارتی روابط، دفاعی تعاون اور افغان امن عمل پر خصوصی بات چیت ہوگی. ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کو وائٹ ہاﺅس کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرائیں گے، وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ 2 نشستیں ہوں گی، پہلی نشست اوول آفس میں ہوگی جس میں دونوں راہنماءون آن ون ملاقات کریں گے جبکہ وفود کے ساتھ کیبنٹ روم میں ہوگی.قبل ازیں، وزیر اعظم کو خصوصی سیکورٹی میں وائٹ ہاﺅس لے جایا گیا جہاں امریکی صدر سے ملاقات کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئیں، وزیر اعظم وائٹ ہاﺅس میں مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کریں گے اور امریکی صدر سے پاکستانی وفد کا تعارف کرائیں گے‘وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں وائٹ ہاﺅس میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا.  واضح رہے کہ امریکا روانگی کے موقع پروزیراعظم عمران خان نے واضح کیا تھا کہ امریکا سے بات چیت برابری کی بنیاد پرہوگی،صدر ٹرمپ کے سامنے پاکستان کامقدمہ رکھیں گے ، کبھی جھکا نہ قوم کو جھکنے دوں گا.

ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاﺅس سے پاکستان ہاﺅس روانہ ہو ں گے ، پاکستان ہاﺅس میں مختصر قیام کے بعد وزیر اعظم پاکستان سفارتخانے جائیں گے، جہاں پاکستانی سفارتخانے میں مختلف امریکی چینلز کو انٹرویو دیں گے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات