Live Updates

حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن مرعوب نہیں ہوگی ،آل پارٹیز کوآرڈی نیشن کمیٹی

عمران خان کی صورت میں مسلط کردہ آمر کا بھرپور مقابلہ کریں گے ،حکومت نے اپوزیشن رہنماوں کو گرفتار کیا تو جیل بھرو تحریک شروع کریں گے، 25جولائی کا جلسہ حکمرانوں کی نیندیں حرام کریگا،اجلاس سے حاجی علی مدد جتک اوردیگر کا خطاب

منگل 23 جولائی 2019 00:00

حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن مرعوب نہیں ہوگی ،آل پارٹیز کوآرڈی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) آل پارٹیز کوآرڈی نیشن کمیٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن مرعوب نہیں ہوگی عمران خان کی صورت میں مسلط کردہ آمر کا بھرپور مقابلہ کریں گے حکومت نے اپوزیشن رہنماوں کو گرفتار کیا تو جیل بھرو تحریک شروع کریں گے 25جولائی کا جلسہ حکمرانوں کی نیندیں حرام کریگا یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک ، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ ، پشتو نخواء ملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری جان محمد بلیدی ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا و دیگر نے آل پارٹیز کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب سے کرتے ہوئے کہی کمیٹی کا اجلاس پیر کو پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک کی زیرصدارت جتک ہاؤس سریاب میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سیدلیاقت آغا، اے این پی کے جمال الدین رشتیا،پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ ،حاجی ریاض شاہوانی ،میر ولی محمد قلندرانی ،ملک ذیشان ،عصمت اللہ کاکڑ،مسلم لیگ(ن) کے چیف کوارڈی نیٹر میر گوہر مینگل ،وہاب اٹل ،نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر عبدالخالق بلوچ ،خیر بخش بلوچ ،حاجی عطامحمد بنگلزئی،جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قوم اسمبلی آغا محمود شاہ، قومی وطن پارٹی کے سمیع اللہ لونی ، بشیر محمد درانی اوردیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کوارڈی نیشن کمیٹی کے رہنماوں نے کہا کہ پچیس جولائی کا جلسہ ہرصورت کامیاب بنایا جائے گا اگرحکومت نے اپوزیشن کے قائدین اور کارکنوں کے خلاف کسی بھی قسم کا کریک ڈاؤن کرنے کی کوشش کی توحالات کی تمام ترذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں گرفتاریوں سے نہیں ڈرتیں ہم نے ماضی میں بھی ڈکٹیٹروں کا مقابلہ کیا ہے اب بھی عمران خان آمر کا مقابلہ کریں گے اور عوام کو اس سے نجات دلاکر دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 25جولائی کوملک گیر احتجاج ہوگا اس کے بعد پہیہ جام ،شٹرڈاون ہڑتالوں سمیت احتجاج کے تمام طریقے استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ اور احتجاج کسی ایک پارٹی نہیں بلکہ عوام کے پرزور مطالبے پر تمام سیاسی جماعتیں کر رہی ہیں عوام پر جن قوتوں کو مسلط کیا گیا وہ کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے ان قوتوں نے آئی ایم ایف سمیت دیگر آقاوں کے کہنے پر ملک میں بے روزگاری ،مہنگائی ،ٹیکسز کی بھرمار کردی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ہڑتال کو تاجر بھی مکمل طور پر سپورٹ کریں گے ہمیں ایک دوسرے کا خیال کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچیس جولائی کو مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی،اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین ،نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور دیگر قائدین خطاب کرینگے۔اجلاس کے اختتام پر پیپلز پارٹی کے صوبائی صدرحاجی علی مدد جتک نے آل پارٹیز کوارڈی نیشن کمیٹی کے رہنماوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات