Live Updates

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے مابین ملاقات تین گھنٹے سے زائد تک جاری رہی۔ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کی پریس کانفرنس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 23 جولائی 2019 10:50

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جولائی 2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اور وزیراعظم عمران خان کے مابین ملاقات تین گھنٹے سے زائد تک جاری رہی اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں ملاقاتوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا جب کہ تینوں میں اچھی اور کھل کر بات ہوئی۔دونوں کے درمیان بہتر کیمسٹری پائی گئی۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ امریکی حکام سے ملاقاتوں میں پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا گیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے ا ور مزید تعاون کی درخواست کی ہے۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری قربانیاں دی ہیں جن کے ہم معترف ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغان بارڈر کے  ساتھ حالات بہتر کیے اور انہوں نے بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ایک بہت بڑا حلقہ امن کا خواہاں ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔

مگر اس امن کی راہ میں واحد رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حل کرانے کے لئے ثالثی کاکردار ادا کرنے کا کہا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج سے قبل کسی امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی بات نہیں کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی واضح کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے پہلو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم بہت کم ہے جو کہ بڑھنا چاہیے۔

جبکہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان آنے کی دعوت بھی قبول کرلی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا کہ سول اور عسکری قیادت آج ایک پیج پر ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کا امیج عالمی سطح پر مضبوط اور مثبت انداز میں سامنے آیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات