ہواوے نے تجارتی پابندیوں کے باعث امریکا میں اپنے ریسرچ مراکز کے دوتہائی ملازمین کو فارغ کردیا

منگل 23 جولائی 2019 12:21

ہواوے نے تجارتی پابندیوں کے باعث امریکا میں اپنے ریسرچ مراکز کے دوتہائی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) چین کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ہواوے نے اپنے اوپر عائد تجارتی پابندیوں کے باعث امریکا میں اپنے’’ فیوچر وے ٹیکنالوجی ریسرچ ‘‘ مراکز کے دوتہائی ملازمین کو فارغ کردیا۔سلیکان ویلی، گریٹر سیٹل، شکاگو اور ڈیلاس میں ہواوے کے ٹیکنالوجی کے حوالے سے تحقیقی مراکز ہیں جہاں850 ملازمین کام کررہے تھے جن میں سے 600 کو فارغ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہواوے کا کہنا ہے کہ ملازمین کی تعداد میں کمی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے، یہ فیصلہ امریکی پابندیوں کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں کمی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال ان مراکز پر ہونے والے آپریشنل اخراجات کا حجم 510 ملین ڈالر رہا تھا۔ یاد رہے کہ چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن آلات بنانے والی کمپنی ہے جسے امریکی محکمہ تجارت نے مئی میں سیکورٹی رسک قرار دے کر ملکی کمپنیوں پر اسے ٹیکنالوجی مصنوعات کی فراہمی پر پابندی عائد کردی تھی۔