وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جعلی زرعی ادویات اور ناقص و غیر معیاری کھادوں کی تیاری و فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت

منگل 23 جولائی 2019 14:20

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جعلی زرعی ادویات اور ناقص و غیر ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جعلی زرعی ادویات اور ناقص و غیر معیاری کھادوں کی تیاری و فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے سمیت فوری آپریشن کریک ڈائون کی ہدایت کی ہے اور تمام انتظامی و محکمہ زراعت کے حکام سے کہاہے کہ وہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت ، کوتاہی یالاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں اور پولیس حکام کے ہمراہ جوائنٹ ریڈ کرکے جعلی ادویات کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے میں اپنا مؤثر کردار یقینی بنائیں۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت کی جعلی زرعی ادویات و کھادوں کے خلاف مہم بھرپور انداز سے جاری ہے اور محکمہ زراعت کے افسران کی ٹیموں نے مختلف شہروں میں چھاپے مارکرنہ صرف بھاری مالیت کی جعلی زرعی ادویات اور کھادیں برآمد کی ہیں جبکہ کئی افراد کو گرفتار بھی کرلیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت کی جعلی ادویات کے خلاف مہم کے نتیجہ میں صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور کاشتکاروں کی شکایات کا ازالہ ہوا ہے ۔

انہوںنے کاشتکاروں سے کہا ہے کہ وہ جعلی ادویات اور کھادوں کے خلاف شروع کی گئی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور کسی شکایت کی صورت میں محکمہ زراعت کے مقامی افسران سے فوری رابطہ کیا جائے یا زرعی ہیلپ لائن نمبر 0800-15000یا 0800-29000پر رابطہ کریں۔انہوںنے کہاکہ جعلی ادویات اور جعلی کھادوں کا فوری سد ِباب وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ جعلی زرعی لوازمات کے استعمال سے کاشتکاروں کا نقصان ہوتا ہے اور پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ ان مسائل کے سدِ باب کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب نے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے جس کے نتیجہ میں جعلی زرعی ادویات اور جعلی کھادوں کی روک تھام میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔