پاکستانی ڈاکٹرز اور نرسیں بھی حجاج کی خدمت کے لیے سرگرم

پاکستان حج میڈیکل مشن میں 180 ڈاکٹرز کے علاوہ 4 سو سے زائد نرسیں بھی شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 جولائی 2019 14:19

پاکستانی ڈاکٹرز اور نرسیں بھی حجاج کی خدمت کے لیے سرگرم
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جولائی 2019ء) حج بیت اللہ چند روز کی دُوری پر ہے۔ اس موقع پر پاکستانی ڈاکٹرز اور نرسیں بھی اللہ کے گھر آئے مہمانوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے لیے بہت سرگرم نظر آتے ہیں۔نیوز العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سربراہ حج میڈیکل مشن پاکستان ڈاکٹر آصف علی نے کہا ہے کہ حج میڈیکل مشن جدہ، مکہ اور مدینہ میں مفت ابتدائی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

سعودی ہسپتالوں میں بہترین اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ مذہبی امور پاکستان، سعودی حکومت کے تعاون سے ہر سال حج کے موقع پر عازمینِ کرام کو جامع طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامات کرتی ہے۔اس سال مکہ میں 35 بیڈ جبکہ مدینہ منورہ میں 10 بیڈ کا ہسپتال قائم کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان حج میڈیکل مشن میں اس سال 180 ڈاکٹرز بشمول 45 لیڈی ڈاکٹرز شامل ہیں جبکہ 4 سو سے زائد نرسوں، ڈسپنسرز اور پیرا میڈیکل عملہ بھی اپنی خدمات سرانجام دے گا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ حج مشن ہسپتال میں ابتدائی طبی سہولیات میں جدید لیبارٹری، ایکسرے، فارمیسی ، ایمرجنسی اور شعبہ دندان بھی موجود ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ میں حجاج کے مختلف رہائشی سیکٹرز میں 9 ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔ مدینہ منورہ میں 2 ڈسپنسریاں جبکہ جدہ میں ایک ڈسپنسری کے ذریعے طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔موجودہ حکومت اور وزارتِ مذہبی امور کی خصوصی کوشش سے ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمبولینسوں کی تعداد 9 سے بڑھا کر 18 کر دی گئی ہے۔

اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 5 سو سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔پیچیدہ مریضوں کو سعودی ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا ہے جہاں تمام تر علاج اینجیو گرافی اور اینجیو پلاسٹی سمیت تمام تر علاج اور دیگر سہولیات مفت ہیں۔