Live Updates

الیکشن کمیشن کی خیبر پختونخواہ اسمبلی کے حلقہ 115 فرنٹیر ریجن میں آر او کو 16 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی ہدایت

منگل 23 جولائی 2019 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ اسمبلی کے حلقہ 115 فرنٹیر ریجن میں آر او کو 16 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی ہدایت کر دی۔الیکشن کمیشن میں خیبر پختونخواہ اسمبلی کے حلقہ 115 فرنٹیر ریجن سے تحریک انصاف کے امیدوار عابد الرحمان کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن کی ۔

دور ان سماعت درخواست گزار عابد الرحمان کے وکیل گوہر علی خان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیاکہ حلقے سے کون کامیاب ہوا اور نتایج مکمل کر دئیے گئے۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ حلقے سے کامیاب امیدوار محمد شعیب ہیں جبکہ رنر اپ امیدوار عابد الرحمان ہیں۔

(جاری ہے)

ممبر کے پی مسز ارشاد قیصر نے کہاکہ حلقے میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی چاہتے ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ریٹرننگ افسر نے دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آر او نے درخواست جب دوبارہ گنتی کی منظوری دی ہے تو ادھر درخواست دائر کرنے کی کیوں ضرورت پیش آئی۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ میں اپنی درخواست واپس لیتا ہوں۔وکیل محمد شعیب نے کہاکہ سولہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی ہو جائے لیکن یہ تمام پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی چاہتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر محمد رضا نے ریمارکس دیئے کہاکہ آپ کی ایڈوائز بعض اوقات بہت مشکل میں ڈال دیتی ہے۔وکیل محمد شعیب نے کہاکہ اگر تمام پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی چاہتے ہیں تو ان کو کیا ضرورت تھی 16 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی۔ ممبر کے پی مسز ارشاد قیصر نے کہاکہ آپ کی درخواست اب تک ہمارے پاس نہیں پہنچی۔ وکیل محمد شعیب نے کہاکہ ہماری درخواست زیر التواء ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہاکہ سیکشن 95 (6) کے اختیارات آر او کے پاس ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار غلام قادر خان نے الیکشن کمیشن کے سامنے موقف پیش کرتے ہوئے کہاکہ تمام بیلیٹ پیپر درے میں چھاپے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ بیلیٹ پیپر پر ذمہ دار افسران کے دستخط ہوتے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ یہاں پر جھگڑا دوبارہ گنتی کا ہے، آپ درے میں چھاپے گئے بیلیٹ پیپر کا ثبوت لائیں پھر ہم کارروائی کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے آر او کو 16 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی ہدایت کر دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات