احسان مانی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ مقرر

آئی سی سی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران کی پذیرائی، وسیم خان اور ثناء میر کے بعد جنرل کونسل بیرسٹر سلمان نصیر بھی آئی سی سی کی ایک کمیٹی کا حصہ

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 23 جولائی 2019 16:06

احسان مانی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ مقرر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو آئی سی سی فنانلر اینڈ کمرشل افیئرز کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔ چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر نے احسان مانی کی تقرری گذشتہ ہفتے آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کے دوران کی۔

فنانل  اینڈ کمرشل افیئرزکا شمارآئی سی سی کی چند اہم کمیٹیوں میں ہوتا ہے جو آئی سی سی کے مالی اور کمرشل معاملات پر نظر رکھتی ہے۔



احسانی مانی پیشے کے اعتبار سے ایک چارٹرڈ اکاونٹنٹ ہیں جو 17 سال بعد ایک بار پھر یہ اہم ذمہ داری نبھائیں گے۔ احسان مانی سال 1996ء میں آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کے  پہلے چیئرمین بنے تھے۔ احسان مانی سال 2002ء تک اس عہدے پر تعینات رہے، بطور چیئرمین کمیٹی احسان مانی نے سال 2000ء میں آئی سی سی کا پہلا کمرشل معاہدہ کروایا جس کی مالیت 550 ملین ڈالر تھی۔

(جاری ہے)



احسان مانی کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں اندرا نوئی بطور آزاد ڈائریکٹر شرکت کریں گی جبکہ امیتابھ چوہدری (بی سی سی آئی)، کرس نینزنی (کرکٹ ساوتھ افریقہ) عمران خواجہ (نائب  چیئرمین آئی سی سی)، ایرل ایڈنگز ( کرکٹ آسٹریلیا) اور کولن گریوز (انگلینڈ کرکٹ بورڈ) بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ ششانک منوہر اور مانو سواہنے (چیف ایگزیکٹو آفیسر آئی سی سی) بطور سابق عہدیدار کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔



احسان مانی دوسری بار آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کے سربراہ مقرر ہوئے  ہیں۔اس سے قبل ڈاکٹر نسیم اشرف پی سی بی کے وہ واحد چیئرمین ہیں جو آئی سی سی کمیٹی کی سربراہی بھی کرچکے  ہیں۔ ڈاکٹر نسیم اشرف  سال 2008ء میںایچ آراینڈ رمیوناریشن کمیٹی کے سربراہ رہ چکے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہآئی سی سی چیئرمین کی جانب سے مجھ پر کیے جانے والے اعتماد پر خوش ہوں۔

میں مانو سواہنے اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔

احسان مانی سال 1989ء میں آئی سی سی میں پی سی بی کے مستقل رکن نامزد ہوئے تھے۔ احسان مانی سال 2002ء میں آئی سی سی کے نائب صدر اور پھر سال 2003ء سے 2006ء تک آئی سی سی کے  صدر رہے۔ احسان مانی یوراج نارائن کی سربراہی میں آئی سی سی آڈٹ کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران کی پذیرائی کا عمل جاری ہے۔

  ایک اور تعیناتی میں جنرل کونسل پی سی بی، بیرسٹر سلمان نصیر بھی آئی سی سی سیف گارڈنگ پینل میں شامل ہوگئے ہیں۔

پینل کی سربراہی کیٹ گیلافنٹ(کوئنز کونسل)  کریں گی۔ پینل کا مقصد آئی سی سی کے منعقد کردہ ایونٹس میں آئی سی سی کے قوانین اور اس سے جڑے تمام افراد کی حفاظت کرنا  ہے ۔

اس سے قبل گذشتہ ہفتےآئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کے دوران پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اور اسٹار ویمن کرکٹر ثناءمیر کو آئی سی سی ویمنز کمیٹی میں  شامل کیا گیا تھا۔