حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈرز کے اجراء کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا

منگل 23 جولائی 2019 16:27

حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈرز کے اجراء کے خلاف ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈرز کے اجراء کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری آفتاب باجوہ نے دائر درخواست میں احتساب عدالت کے اٴْس فیصلے کو چیلنج کیا گیا کہ جس میں عدالت پروڈکشن کے خلاف درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار وکیل کے مطابق قانون کے تحت رکن اسمبلی کے جسمانی ریمانڈ کے دوران سپیکر پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کر سکتا لیکن اس کے باوجود حمزہ شہباز کے پروڈکشن آڈر جاری کیے گئے، درخواست گزاروکیل نے نکتہ اٹھایا کہ سپیکر کے حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنا عدالتی معاملات میں مداخلت ہے، درخواست گزار وکیل آفتاب باجوہ نے نشاندہی کی کہ جسمانی ریمانڈ میں پروڈکشن آرڈرز کے اجراء سے تفتیش پر اثر پڑتا ہے اور قانون میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے، وکیل نے زور دیا کہ تسلسل کے ساتھ تفتیش ضروری ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے اور جسمانی ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈرز کے اجراء پر پابندی لگائی جائے۔