سیا سی لیڈروں کے ٹرائل کے موقع پر روڈز بلاک کرنے کے خلاف درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

منگل 23 جولائی 2019 16:27

سیا سی لیڈروں کے ٹرائل کے موقع پر روڈز بلاک کرنے کے خلاف درخواست مسترد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور دیگر لیڈروں کے ٹرائل کے موقع پر روڈز بلاک کرنے کے خلاف درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ دوران سماعت عدالت نے کہا کہ معاملہ انتظامیہ کا ہے اورآپ نے دادرسی کے لیے درخواست چیف جسٹس اور انتظامیہ کو بھی دے رکھی ہے ،عدالت ایسے معاملہ میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

مسٹر جسٹس علی باقر نجفی اور مسٹر جسٹس سردار نعیم پر مشتمل بنچ نے آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔یہ درخواست احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہے، احتساب عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں، سیاسی شخصیت کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سڑکیں بلاک کر دی جاتی ہیں جبکہ روڈز بلاک ہونے سے وکلاء اور سائلین عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکتے۔

درخواست گزارنے کہا کہ احتساب عدالت نے قانونی جواز کے بغیر درخواست مسترد کی حالانکہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے جسے کوئی بھی شہری چیلنج کرسکتا ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حمزہ شہباز اور دیگر شیخصات کے ٹرائل جیل میں کرنے کا حکم دے اور سڑکیں بلاک کرنے کا حکم کالعدم قرار دے۔