Live Updates

فیصل آباد کی تاجر برادری کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جلد عالمی معیار کا نیا ایئرپورٹ تعمیر کیا جائے گا

شہر میں خصوصی اقتصادی ژون کے قیام سے 6 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب کی فیڈمک کے دورہ کے موقع پر گفتگو

منگل 23 جولائی 2019 17:02

فیصل آباد کی تاجر برادری کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جلد عالمی معیار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی تاجر برادری کی نقل و حمل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے شہر میں عالمی معیار کے ایک نئے ایئرپورٹ کی اشد ضرورت ہے، حکومت تاجر وں کی ضرورت کے پیش نظر یہاں جلد ایک نئے اور عالمی معیار کے ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھے گی جو علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب ہی واقع ہوگا۔

فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب کے فیڈمک کے دورے کے موقع پر کہا کہ حکومت فیڈمک کو زیادہ خودمختاری کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی تاکہ اس کی سرگرمیوں میں سرکاری اداروں کی مداخلت کم سے کم کی جاسکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ فیصل آباد میں خصوصی اقتصادی زون کی تعمیر وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں کے لیے کاروبار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے وژن کی جانب اہم قدم ہو گا جو نہ صرف ملکی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ اس سے 5 سے 6 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔

فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فیڈرل ریونیو بورڈ اور سرمایہ کاری بورڈ کے خصوصی ڈیسکس، صنعتکاروں کو ویزے کے اجراء کے لیے خصوصی دفتر اور ریلوے سٹیشن سے اس صنعتی شہر تک ریلوے شٹل سروس کے آغاز کے حوالے سے تجاویز دیں۔فیڈمک کے جاری بیان کے مطابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب نے فیڈمک چیئرمین کو پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کا یقین دلایا۔

میاں کاشف اشفاق نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی تعمیر کے حوالے سے فیڈمک کے اقدامات بارے بریف کرتے ہوئے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ کے افتتاح سے قبل ہی صنعتکاروں کا مثبت رد عمل انتہائی حوصلہ افزاء اور بڑی کامیابی ہے۔انھوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو مختلف قسم کی مراعات کے ساتھ ساتھ ٹیکسوں میں بھی رعایت دی جائے گی جو کہ کاروباری برادری کے لیے اپنی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔

بیان کے مطابق میاں فرخ حبیب نے کہا کہ وہ عمران خان کے وژن کے مطابق صوبہ پنجاب میں انڈسٹریلائزیشن کے ذریعے یہاں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات کررہے ہیں، حکومت ملک میں کاروبار و سرمایہ کاری دوست ماحول کی تشکیل کے لیے جرات مندانہ اقدامات کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کو برآمد کے قابل اشیاء کی تیاری پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے، برآمدات کا حجم جتنا بڑھے گا ملک میں اتنا ہی اقتصادی استحکام آئے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات