حمزہ اور دیگر کی پیشی کے موقع پر شاہراہوں کو بلاک کرنے کیخلاف دائر درخواست مسترد کئے جانے کے فیصلے کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

منگل 23 جولائی 2019 17:29

حمزہ اور دیگر کی پیشی کے موقع پر شاہراہوں کو بلاک کرنے کیخلاف دائر درخواست ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور دیگر کی پیشی کے موقع پر شاہراہوں کو بلاک کرنے کے خلاف دائر درخواست مسترد کئے جانے کے فیصلے کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار نعیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ احتساب عدالت نے قانون جواز کے بغیر درخوات کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ۔ درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ حمزہ شہباز اور دیگر کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر شاہراہیں بلاک کر دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے وکلاء اور سائلین عدالتوں میں پیش نہیںہو سکتے ۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت نے قانونی جواز کے بغیر درخواست مسترد کی۔

مفاد عامہ کا معاملہ ہے جسے کوئی بھی شہری چیلنج کرسکتا ہے۔استدعا ہے کہ احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حمزہ شہباز اور دیگر کاٹرائل جیل میں کرنے کا حکم دے اور شاہراہوں کو بلاک کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔فاضل عدالت نے کہا کہ معاملہ انتظامیہ کا ہے اور آپ نے دادرسی کے لیے چیف جسٹس اور انتظامیہ کو بھی درخواستیں دے رکھی ہے ،عدالت ایسے معاملہ میں مداخلت نہیں کر سکتی ۔بعد ازاں عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔