فیصل آباد میں بغیر اجازت ریلی نکالنے پر مسلم لیگ ن کی قیادت سمیت دوہزار افراد کے خلاف مقدمات درج

منگل 23 جولائی 2019 18:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) فیصل آباد میں بغیر اجازت ریلی نکالنے پر مسلم لیگ ن کی قیادت سمیت دوہزار افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق 21جولائی کو فیصل آبا دمیں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر سیاسی ریلی کے انعقاد اور خطاب پر فیصل آباد پولیس نے مختلف تھانوں میں مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکنوں پر مقدمات درج کئے ہیں ۔

مقدمات تھانہ نشاط آباد ، تھانہ منصور آباد ، تھانہ سرگودھا روڈ ،تھانہ ریل بازار اور تھانہ سول لائن میں درج کئے گئے ہیں ۔ مقدمات میں روڈ بلاک کرنے ، بلا اجازت ریلی نکالنے کی دفعات شامل ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کے ساتھ ساتھ 2ہزار کے قریب کارکنوں کیخلاف بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں مسلم لیگ ن کی قیادت میں جن شخصیات کو مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے ان میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ، کیپٹن صفدر ،سابق گورنر سندھ محمد زبیر، سابق معاون خصوصی مصدق ملک ، ایم این اے جاوید لطیف ،ایم پی اے رانا علی عباس ، مہر حامد رشید ،جعفر علی ہوچہ ،رانا ثناء اللهکی اہلیہ نبیلہ ثناالله، داماد شہریار ،سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری ، سابق ایم این اے اکرم انصاری ، ایم پی اے طاہر خلیل سندھو شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اتوار کے روز اینٹی نارکوٹکس ایکٹ میں گرفتار مسلم لیگ ن کے راہنماء راناثنالله کے گھر ریلی کی شکل میں آئیں تھیں اور انہوں نے کارکنوں سے خطاب کیا تھا ۔مسلم لیگ ن کی جانب سے مقامی انتظامیہ کو ریلی نکالنے اور جلسہ کی اجازت مانگی گئی تھی جو کہ منظور نہیں ہوئی تھی ۔