ٹیلی نار پاکستان نے اوریکل ای آر پی کلائوڈ سے کارکردگی میں اضافہ اور امور کو بہتر منظم کرلیا

منگل 23 جولائی 2019 19:11

ٹیلی نار پاکستان نے اوریکل ای آر پی کلائوڈ سے کارکردگی میں اضافہ اور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) ٹیلی نار پاکستان نے اوریکل انٹرپرائز ریسورس پلاننگ کلائوڈ سے اپنی کارکردگی میں اضافہ کرتے ہوئے کاروبار کو بہتر، لاگت میں کمی اور امور کو منظم اور خودکار بنا لیا ہے۔اوریکل کلائوڈ سے ٹیلی نار کے کاروباری امور کو خودکار بنانے سے اوریکل ای آر پی کلائوڈ کی مارکیٹ سبقت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

دنیا بھر میں 6 ہزار سے زائد اداروں نے اوریکل ای آر پی کلائوڈ سے اپنی کارکردگی میں اضافہ کیا ہے جس سے انہیں ایک مکمل، جدید اور محفوظ مالیاتی پلیٹ فارم ملا ہے۔ ای آر پی کلائوڈ سے کاروباری امور مربوط ہوئے اور روایتی طریقہ کار کی بجائے خودکار طریقے سے امور انجام دیئے جانے سے غلطیاں ختم ہونے کے ساتھ رپورٹنگ ٹائم بہت کم ہوا اور فوری معلومات حاصل ہوئیں۔

(جاری ہے)

شارق رحمن، منیجنگ ڈائریکٹر، اوریکل پاکستان نے کہا کہ اوریکل کلائوڈ ایپلی کیشنز بہترین کاروباری سلوشنز فراہم کرتی ہیں جو کاروباری ضروریات جیسے مالیات، ہیومن ریسورس، سپلائی چین، مارکیٹنگ اور سیلز کے شعبوں میں مدد دیتی ہیں۔ اوریکل کی جدید کلائوڈ پلیٹ فارم اور انفرااسٹرکچر پر بننے والی اوریکل کلائوڈ ایپلی کیشنز سے صارفین کو سیکورٹی، کاروباری امور میں وسعت، بہتر کارکردگی اور مربوط و منظم افعال میں مدد ملتی ہے، آئی ٹی پیچیدگی کے خاتمے اور کام میں آسانی سے ادارے اپنی خدمات اور مصنوعات کو جدید بنا کر کاروبار کو ترقی دے سکتے ہیں۔

چیف فنانشل آفیسر، ٹیلی نار پاکستان، میریئس گیگرنس نے کہا کہ اوریکل ای آر پی کلائوڈ سے ہم نے اپنے سسٹم کو جدید بنایا ہے اور اپنے صارفین کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کو مستحکم کرکے صارفین کو بہترین خدمات فراہم کرسکتے ہیں اور مزید صارفین تک اپنی خدمات پہنچا سکتے ہیں۔ اوریکل ای آر پی سے مستقبل کی کاروباری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی جس سے صارفین کو جدید خدمات بہتر انداز سے فراہم کریں گے اور اخراجات میں کمی اور آئی ٹی امور کو آسان بنانے میں معاونت ہوگی۔

ہیڈ آف ایپلی کیشنز، اوریکل پاکستان سید اعظم عابدی نے کہا کہ عہد حاضر میں دیگر اداروں کے ساتھ سبقت کے لیے کاروباری قائدین کے لیے درست ڈیٹا کی فراہمی ضروری ہے تاکہ وہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فیصلے کرسکیں۔اوریکل ای آر پی کلائوڈ سے ٹیلی نار پاکستان نے کاروباری امور کو آسان بنانے کے ساتھ استعداد میں اضافہ کیا ہے اور کمپنی اپنے صارفین کو نئی مصنوعات اور خدمات فوری مہیا کرسکتی ہے۔مزید برآں، اوریکل انیٹگریشن پلیٹ فارم ایز اے سروس (iPaaS) سے کمپنی کو نئی اور موجودہ ایپلی کیشنز اور ڈیٹا کو ایک ساتھ استعمال کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس طرح ٹیلی نار ٹیکنالوجی سے مربوط ہوتے ہوئے موجودہ آئی ٹی وسائل کا استعمال جاری رکھ سکتی ہے۔