اختر مینگل کی اسد قیصر سے ملاقات

،بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اوالین ترجیح ہے، مسائل کے خاتمے کے لیے قومی یکجہتی اور اتفاق رائے انتہائی ضروری ہے، اسپیکر قومی اسمبلی قدرتی وسا ئل سے مالامال صوبہ بنیادی سہو لیات تک سے محروم ہے،بلوچستان کی عوام کو موجودہ پارلیمنٹ اور حکو مت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، اختر مینگل

منگل 23 جولائی 2019 19:51

اختر مینگل کی اسد قیصر سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے ۔ منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے پارلیمینٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا ،کمیٹی کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کا ازالہ کیا جائیگا ۔

سردار اختر مینگل نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی تھی۔ملاقات میںبلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیان۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اوالین ترجیح ہے، مسائل کے خاتمے کے لیے قومی یکجہتی اور اتفاق رائے انتہائی ضروری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم سب کو مل کر بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنا ہو گا۔انہوںنے کہاکہ میں یقین دلا تاہوں کہ بلو چستان کے مسائل کو تر جیحی بنیا دوں پرحل کیا جائیگا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ موجودہ حکومت بلو چستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔ اختر مینگل نے کہاکہ رقبے کے لحا ظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ اور قدرتی وسا ئل سے مالامال بنیادی سہو لیات تک سے محروم ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان کی عوام کو موجودہ پارلیمنٹ اور حکو مت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔