وزیر اعلیٰ نے ایل ڈی اے میں اشد ضرورت کے مطابق انجینئرنگ اورٹیکنیکل سٹاف کی بھرتی کی منظوری

شاہکام چوک پر فلائی اوور کی تعمیراورڈیفنس روڈ تا لیبر کالونی توسیعی منصوبہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ لاہور کی سڑکوں کی مرمت کے پراجیکٹ جلد مکمل کیے جائیں ،بند سٹریٹ لائٹس درست کی جائیں‘عثمان بزدار شہرمیں واٹر سپلائی اورسیوریج کے نئے منصوبے شروع کیے جائیںگے،نیا آئی ٹی ٹاور بنائیں گے‘وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 23 جولائی 2019 20:07

وزیر اعلیٰ نے ایل ڈی اے میں اشد ضرورت کے مطابق انجینئرنگ اورٹیکنیکل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے میںانجینئرنگ و ٹیکنیکل سٹاف کی خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹیکنیکل سٹاف کی خالی آسامیوں پرصرف اشد ضرورت کے تحت بھرتی کی جائے۔

اجلاس میں شاہکام چوک پرٹریفک جام کے دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے فلائی اوور کی تعمیراورڈیفنس روڈ سے لیبر کالونی شاہکام چوک تک سڑک کے توسیعی منصوبے کوجلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے شہر کی سڑکوں کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایل ڈی اے اورضلعی انتظامیہ اپنی حدود میں خستہ حال سڑکوں کی مرمت یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ایل ڈی اے اورضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین وآرائش کی جائے گی اورانڈرپاسز کو منسوب ناموں کے مطابق اپ لفٹ کیا جائے گا۔ادارے کے امور میں شفافیت لانے کیلئے ایل ڈی اے کو مکمل طورپر آٹو میشن پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو زیادہ اوربروقت سہولتیں فراہم کی جائیں۔لاہور میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میںضروریات کے مطابق ترجیحات کا تعین کر کے اقدامات کیے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارفع کریم آئی ٹی ٹاور سے ملحقہ پرانی سبزی منڈی میںایک اورآئی ٹی ٹاوربنایا جائے گا ۔

اس منصوبے کی تمام جزئیات جلد طے کی جائیں ۔لاہورکی بند سٹریٹ لائٹس کو درست کیا جائے ۔لاہورکے شہریوںکو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ لاہور میں واٹر سپلائی اورسیوریج کے نئے منصوبے شروع کیے جائیںگے۔عوام کو بہترین سروس ڈلیوری کے لئے ایل ڈی اے کو لیڈ لینا ہوگی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے ادارے کی کارکردگی اورمنصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری ہائوسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ، ڈی جی ایل ڈی اے اورسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے اجلاس میں شرکت کی ۔