حکومت فنی تعلیم کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کر چکی ہے،سمیع اللہ چوہدری

منگل 23 جولائی 2019 20:24

لاہور۔23 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں خواتین کیلئے فنی تعلیم کا حصول بے حد ضروری ہے کیونکہ آنے والا دور ٹیکنالوجی کا ہوگا، حکومت فنی تعلیم کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کر چکی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین بہاول پور میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت تعلیمی وظائف بھی فراہم کررہی ہے جس سے طالبات کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، انہوں نے بتایا کہ ادارہ اخوت کے زیر اہتمام بھی فنی تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو آسان طریقہ سے بلاسود قرضہ فراہم کیا جارہا ہے تاکہ وہ اپنا ذاتی کاروبار شروع کرکے خودکفیل ہوسکیں اور معاشرہ کے مفید شہری بن سکیں، سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ سی پیک خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا جس سے پاکستان معاشی طور پر ترقی کرے گا، سی پیک سے خطے میں روزگار آئے اورخوشحالی ہوگی، انہوں نے کہا کہ فیشن ڈیزائننگ اور ڈی ڈ ی ایم ڈپلومہ مکمل کرنے والی طالبات خود اپنے ملبوسات تیار کر کے بوتیک اور شورومز پر گارمنٹس فروخت کر کے بہترین روزگار حاصل کرسکتی ہیں اورملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین بہاول پور ڈویژن کا واحد ادارہ ہے جو فنی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے،انہوں نے پرنسپل ادارہ سمیر اصالحہ کی خدمات کی تعریف کی، صوبائی وزیر نے کالج لیب کا بھی دورہ کیا، پرنسپل ٹیکنالوجی کالج برائے خواتین سمیرا صالحہ نے ظفر شریف سمیر چیمبر آف کامرس کے دیگر ممبران، پرائیویٹ و سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہان اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، سمیر اصالحہ نے اپنے خطاب میں فنی تعلیم کے فروغ پر روشنی ڈالی اور زیادہ سے زیادہ داخلوں کے لیے شعور و آگہی کی ضرورت پر زور دیا۔