فیصل آباد: ٹریفک حادثات میں ایک محنت کش جاں بحق، باپ بیٹے سمیت 8افراد زخمی

منگل 23 جولائی 2019 23:19

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2019ء) ٹریفک حادثات میں ایک محنت کش جاں بحق جبکہ باپ بیٹے سمیت 8افراد زخمی ہوگئے آن لائن کے مطابق کینال روڈ چار چک پل لاہور گرائمر سکول کے قریب تین بچوں کا با پ الیکٹریشن پینتالیس سالہ عتیق الرحمن ولد عبدالعزیز سکنہ دارلسلام کالونی گلی نمبر تین اپنے کام سے واپس گھر جارہا تھا کہ تیز رفتاری کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار عتیق الرحمن گڑھا میں جاگرا جسے ریسکیو 1122کی امدادی ٹیم نے ابتدائی طبی امداد کے بعد سول ہسپتال داخل کرایا جہاں طبی امداد ملنے سے پہلے ہی جان کی بازی ہار گیا ، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی ۔

(جاری ہے)

مراد کالونی کا رہائشی محمد احمد ولد محمد صادق موٹرسائیکل پر اپنے ساتھی 35سالہ الطاف حسین ولد محمد حسین کیساتھ جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے دونوں زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں سول ہسپتال لے جایا گیا، ٹریفک کے دیگر حادثات میں 65سالہ فیض احمد ولد نذیر احمد، 45سالہ ریاض احمد ولد محمد خان، 30سالہ گلزار ولد فیض احمد بھی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں، منصور آباد میں سلیمان ولد وارث اور 20سالہ آصف ولد بلو بھی موٹرسائیکل سے گر کر زخمی ہونے والوں کو بھی طبی امداد کیلئے سول ہسپتال داخل کرایا گیا۔