خیبر پختونخوا کے امن و جمہوریت پسند لوگوں کو یوم سیاہ کے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت

منگل 23 جولائی 2019 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2019ء) اپوزیشن جماعتوں کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس باچا خان مرکز پشاور میں منعقد ہوا، اجلاس میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک، مختیار خان یوسفزئی، جمیعت علمائے اسلام کے آصف اقبال داؤد زئی، راشد محمود مسلم لیگ ن ،نیشنل پارٹی کے مختار باچہ، پروفیسر سرفراز اور قومی وطن پارٹی کے طارق خان نے شرکت کی، اجلاس میں25جولائی کے یوم سیاہ کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور یوم سیاہ کے جلسہ عام میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں ،تاجر اور وکلاء برادری،صحافیوں ،سول سوسائٹی اور تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کی شرکت یقینی بنانے پر زور دیا گیا،کمیٹی نے چیمبر آف کامرس کو بھی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے صوبے کے تمام امن و جمہوریت پسندوں اور ترقی پسند افراد سے اپیل کی کہ وہ یوم سیاہ کے موقع پر جلسہ عام میں شرکت کر کے عوام دشمن حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ دیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ25جولائی بروز جمعرات دن گیارہ بجے موٹر وے پارک رنگ روڈ پشاور پر اپوزیشن جماعتوں کا عظیم الشان احتجاجی جلسہ منعقد ہو رہا ہے ،جس سے اے این پی کے قائد اسفندیار ولی خان ،جے یو آئی کے سربراہ مولان فضل الرحمان ،قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیرپاؤ، نیشنل پارٹی کے رہنما حاصل بزنجو،مسلم لیگ کے احسن اقبال اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر خطاب کریں گے،رابطہ کمیٹی کے ممبران نے بعد ازاں جلسہ گاہ کا دورہ بھی کیا جہاں25جولائی کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔