ن) لیگ نے 25جولائی کو چیئرنگ کراس چوک میں یوم سیاہ کے احتجاجی جلسے کیلئے اراکین اسمبلی ،ٹکٹ ہولڈرز سے فنڈز اکٹھا کرنا شروع کر دیا

جلسہ کے انتظامات کیلئے 2 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ ،اراکین قومی اسمبلی سے تین لاکھ، صوبائی اسمبلی سے ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس مانگا گیا ہے

منگل 23 جولائی 2019 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی میزبانی میں25جولائی کو چیئرنگ کراس چوک میں یوم سیاہ کے احتجاجی جلسے کیلئے پارٹی کے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے فنڈز اکٹھا کرنا شروع کر دیا ،منتظمین کی جانب سے احتجاجی جلسہ کے انتظامات کے لئے 2 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف 25 جولائی کے احتجاجی جلسہ کے انتظامات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے احتجاجی جلسے کے انتظامات کے لئے فنڈ زاکٹھا کرنا شروع کردئیے ہیں۔لاہور کے ارکان قومی اسمبلی سے فی کس تین لاکھ روپے جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی سے فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنمائوںملک ریاض، شیخ روحیل اصغر، وحید عالم خان، سردار ایاز صادق، رانامبشراقبال اور ملک افضل کھوکھر نے پارٹی فنڈ میں تین ،تین لاکھ روپے جمع کروا دئیے ہیں۔

جبکہ میاں مجتبیٰشجاع الرحمان،غزالی سلیم بٹ، کرنل (ر)ر طارق، سمیع اللہ خان، یاسین سوہل، میاں مرغوب احمد، سیف الملوک کھوکھر اور میاں عمران جاوید نے ڈیڑھ ،ڈیڑھ لاکھ روپے جمع کروا ئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رمضان صدیق بھٹی اور رانا احسن شرافت لیگی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے پیسے اکھٹے کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک غلام حبیب اعوان اور اختر حسین بادشاہ نے پارٹی کو فنڈ دینے سے انکار کیا تاہم شہباز شریف کے سخت احکامات کے حوالے سے آگاہی پر بعد اختر حسین بادشاہ اور ملک غلام حبیب اعوان نے پارٹی فنڈ دینے کی حامی بھر لی۔ ذرائع کے مطابق جلسے کے لئی60 ہزار جھنڈے جبکہ متوالوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی مسلم لیگ فراہم کرے گی۔