Live Updates

پاکستان میں بلا امتیاز احتساب جاری رہے گا ، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے آیا ہے اور سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے،سعودی عرب گوادر میں دنیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری لگا رہی ہے جس سے ملکی معیشت میں بہتر اثرات مرتب ہونگے اور موجودہ حکومت گوادر کو دنیا کا تجارتی مرکز بنانے جارہی ہے،ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا کوئٹہ میں جلسے سے خطاب

منگل 23 جولائی 2019 23:05

پاکستان میں بلا امتیاز احتساب جاری رہے گا ، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے آیا ہے اور سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات تاریخ کے بہترین دور سے گزر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ بھی وزیر اعظم عمران خان کے معترف ہیں،پاکستان میں بلا امتیاز احتساب ہو رہا ہے ،ان خیالات کا اظہار ممبرقومی اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کوئٹہ میں آبنوشی کی قلت پر قابو پانے کے لئے لگائے گئے ٹیوب ویلز کا افتتاح کرنے کے بعد حلقے کی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پانی قدرت کا انمول تحفہ ہے ،اس کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہئے کیونکہ انسانی بقا کا دارو مدار پانی پر ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کوئٹہ میں آبنوشی کی قلت پر قابو پانے کے لئے مختلف منصوبوںپر کام کررہی ہے جوکہ آخری مراحل میں ہیں اس حوالے سے منگی ڈیم بہت اہمیت کا حامل ہے جس کی تکمیل سے کوئٹہ میں قلت آب کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرکے صوبے میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایو ب خان سنجیدگی کے ساتھ پلان مرتب کررہے ہیں جس سے صوبے میں بجلی کے بحران پر قابو پالیا جائے گا کیونکہ زرعی ٹیوب ویلز 75فیصد بجلی استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چائنیز سفیر کو کوئٹہ کا دورہ کروایا اور چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے مختلف منصوبوں کا دورہ بھی کروایا جس میں یونیورسٹیز کے طالب علموں میں فنی تعلیم اور چائنیز زبان کے سیکھنے کے لئے راغب کیا تاکہ بلوچستان کے نوجوان سی پیک میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان میں پہلی غیر ملکی سرمایہ کاری عمران خان کے بدولت آئی ہے جس میں سعودی عرب گوادر میں دنیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری لگا رہی ہے جس سے ملکی معیشت میں بہتر اثرات مرتب ہونگے اور موجودہ حکومت گوادر کو دنیا کا تجارتی مرکز بنانے جارہی ہے جس کے لئے گوادر میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔گوادر میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے گوادر کو نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جا رہا ہے اور بلوچستا ن میں انڈسٹریل زونز بننے جارہے ہیں جس سے ہزاروں نوجوانوں کو باعزت روزگار میسر ہوگی جس سے علاقے میں خوشحالی ہوگی۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق قومی کفایت شعاری کے مہم میں قومی اسمبلی میں اخراجات میں کمی کرتے ہوئے آٹھ ماہ کے دوران میں64کروڑ روپے میں بچت کی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جو کہتے ہیں کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے انشاء اللہ بہت جلد پاکستان ایشین ٹائیگر بنے گا۔اس موقع پر ایم ڈی واسا مجیب الرحمان قمبرانی بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات