این اے 205 گھوٹکی ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی نے اپ سیٹ کرکے فتح حاصل کر لی

حلقے کے تمام 290 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی پی امیدوار سردار محمد بخش مہر نے 89 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کر لی

muhammad ali محمد علی بدھ 24 جولائی 2019 01:10

این اے 205 گھوٹکی ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی نے اپ سیٹ کرکے فتح حاصل کر ..
گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جولائی2019ء) این اے 205 گھوٹکی ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی نے اپ سیٹ کرکے فتح حاصل کر لی، حلقے کے تمام 290 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی پی امیدوار سردار محمد بخش مہر نے 89 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق این اے 205 گھوٹکی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔

ابتدائی نتائج میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی محمد خان مہر کو برتری حاصل تھی۔ تاہم اب حلقے کے تمام 290 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش خان مہر نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کو اپ سیٹ شکست دے دی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر 89 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فاتح قرار پائے ہیں۔

جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر 72 ہزار سے زائد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ 205 پر ضمنی انتخابات کے موقع پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ حلقے میں 290 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جہاں مرد و خواتین ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ جبکہ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 گھوٹکی 2 کی نشست تحریک انصاف کے وفاقی وزیر اینٹی نارکورٹکس سردار علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

اب پیپلز پارٹی اس حلقے کا الیکشن جیت کر اپ سیٹ کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کو اس حلقے میں ہمیشہ سے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ تاہم پہلی مرتبہ اس حلقے کا مشہور مہر خاندان تقسیم کا شکار ہوا اور اب اس تقسیم کا فائدہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بھرپور انداز میں اٹھایا گیا اور ضمنی الیکشن میں فتح حاصل کر لی گئی ہے۔