Live Updates

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح کیا کہ باہمی تعلقات برابری اور بھروسے کی سطح پر ہوں گے، پاکستان اور امریکہ کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے، نائن الیون کے بعد پاکستان امریکہ تعلقات میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، دورہ امریکہ کا مقصد یہاں کے لوگوں کو پاکستان کے بارے میں صحیح آگاہی دینا ہے، فوج سمیت تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں

وزیراعظم عمران خان کا کیپٹل ہل میں اراکین کانگریس سے خطاب

بدھ 24 جولائی 2019 02:15

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح کیا کہ باہمی تعلقات برابری اور بھروسے ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح کیا کہ باہمی تعلقات برابری اور بھروسے کی سطح پر ہوں گے، پاکستان اور امریکہ کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے، نائن الیون کے بعد پاکستان امریکہ تعلقات میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، دورہ امریکہ کا مقصد یہاں کے لوگوں کو پاکستان کے بارے میں صحیح آگاہی دینا ہے، فوج سمیت تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کیپٹل ہل میں اراکین کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو خطے کی صحیح صورتحال سے آگاہ کیا، دورہ امریکہ کے بعد دوطرفہ تعلقات سچائی اور بھروسے پر مبنی ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کے بارے میں غلط فہمی پائی جاتی تھی، امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کیا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں، ماضی کی حکومتوں نے امریکہ کو زمینی حقائق سے صحیح آگاہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیائی لحاظ سے دنیا بھر میں اہم مقام حاصل ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی کیپٹل ہل آمد پر اراکین کانگریس نے ان کا پرجوش خیرمقدم کیا اور وزیراعظم کو اردو میں خوش آمدید کہا، اس موقع پر اراکین کانگریس کی بڑی تعداد موجود تھی، وزیراعظم نے اراکین کانگریس کے ساتھ مصافحہ کیا۔ وزیراعظم سے ارکان کانگریس کا تعارف کرایا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی مضبوطی کے لئے کانگریس کا کردار اہم ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی سپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو کیپٹل ہل آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات انتہائی اہم ہیں، امریکہ میں کئی پاکستانی ڈاکٹرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جنوبی ایشیاء میں قیام امن کے لئے وزیراعظم عمران خان کی خدمات پر سلیوٹ پیش کرتی ہوں۔ شیلا جیکسن سمیت دیگر اراکین کانگریس نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے، خطے میں امن کے قیام کے لئے وزیراعظم عمران خان کی خدمات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلیم، قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون کریں گے، افغانستان میں قیام امن کے لئے وزیراعظم کی خدمات قابل ستائش ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے افغان مسئلے کا تاریخی حل تجویز کیا، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان معیشت، سیکورٹی سمیت کئی شعبوں میں مشترکہ مفادات ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات